16 October 2024

امریکی سفارتکار کی پاکستان سے فرار کی کوشش ناکام

گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی نوجوان کو ہلاک کرنے والے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام ہوگئی اور اس کا نام واچ لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ: ۱۱۱۵
تاریخ اشاعت: 23:16 - April 10, 2018

امریکی سفارتکار کی پاکستان سے فرار کی کوشش ناکاممقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کی گاڑی سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرون ملک بھاگنے کے پیش نظر ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں شامل کر لیا گیا، ملٹری اتاشی کے حوالے سے ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر امیگریشن حکام کو آگاہ کرتے ہوئے الرٹ کردیا گیا ہے۔ سمندری اور زمینی راستوں پر تعینات بھی امیگریشن حکام کو امریکی ملٹری اتاشی کا نام دے دیا گیا ہے تاکہ وہ فرار نہ ہونے پائے۔

اطلاعات کے مطابق کرنل جوزف نے گزشتہ روز بھی بیرون ملک بھاگنے کی کوشش کی تھی جسے پاکستانی پولیس نے ناکام بنا دیا۔

 امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار ہونے کی خبر ملنے پر پولیس نے ائیر پورٹ کا گھیراؤ کرلیا۔  ایئرپورٹ پر پولیس کی موجودگی کی اطلاع پر کرنل جوزف راستے سے واپس چلا گیا۔ کرنل جوزف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے بیرون ملک فرار ہونا چاہتا تھا اور وفاقی پولیس نے بروقت ملٹری اتاشی کے ایئر ٹکٹ کا سراغ لگا کر فرار کی کوشش ناکام بنادی۔

اسلام آباد پولیس نے کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کے لئے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملزم ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا ہے اس لئے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، ملزم کا پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس بھی کینسل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل ہفتے کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ایک سڑک پر امریکی سفارتکار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔ پولیس ملزم کو گرفتار کرکے تھانے لے گئے جہاں سفارتی استثنیٰ کے باعث اسے چھوڑ دیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات سے پتہ چلا کہ کرنل جوزف نے سرخ سگنل توڑا تھا۔

امریکہ کرنل جوزف کو پاکستانی پولیس کی تحویل میں دینے سے گریز کر رہا ہے اس کوشش میں ہے کہ امریکی جاسوس ریمونڈ ڈیوس کی طرح اسے بھی بغیر مقدمہ چلائے امریکہ بھجوا دے۔

پیغام کا اختتام/ 

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں