مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کو یہ جان لینا چاہئے کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کرے یا نہ کرے ایرانی عوام اس کی ہر سازش اور ہر منصوبے کا پوری قوت کے ساتھ جواب دیں گے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے شمال مغربی شہر تبریز میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا، صیہونی حکومت اور علاقے کی رجعت پسند حکومتوں کی سازش اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی و پیشرفت کا راستہ نہیں روک سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ وائٹ ہاؤس میں بیٹھے ہیں انہیں جان لینا چاہئے کہ وہ اپنے وعدوں، تہذیب اور انسانیت کی پاسداری کریں یا نہ کریں ایران کی عظیم قوم اور عوام کی نمائندگی میں ایران کی حکومت امریکا کی سازشوں اور منصوبوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی-
صدر مملکت نے کہا کہ کوئی بھی طاقت ایرانی عوام کو مایوس نہیں کرسکتی اور نہ ہی اس قوم سے امید و حوصلہ چھین سکتی ہے- صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام نے دشمنوں کی سازش کا مقابلہ کرنے کی غرض سے سبھی ممکنہ مراحل کے لئے منصوبہ بندی کر لی ہے اور سبھی مشکلات، ایرانی عوام کے مضبوط و توانا ہاتھوں سے حل کر لی جائیں گی-
انہوں نے کہا کہ ایرانی مصنوعات کی حمایت کے سال میں ایران کے سبھی اعلی حکام اور عہدیدار اسلامی جمہوری نظام کی سربلندی کے لئے کام کریں گے-
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا راستہ ترقی و پیشرفت کا راستہ ہے اور اس راستے میں جو بھی مشکل پیش آئے گی حکومت اس کو حل کرنے کی پابند ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی صوبوں کے مرحلہ وار دوروں کے دوسرے مرحلے میں منگل کو صوبہ مشرقی آذربائیجان کے صدر مقام تبریز پہنچے۔ انہوں نے اپنے اس دورے میں کئی پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کیا-
پیغام کا اختتام/