سُبْحَانَ الَّذِی أَسْرَى بِعَبْدِهِ لَیْلاً مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الأَقْصَى الَّذِی بَارَکْنَا حَوْلَهُ لِنُرِیَهُ مِنْ آیَاتِنَا إِنَّهُ هُوَ السَّمِیعُ البَصِیرُ؛ پاک ہے وہ جو لے گیا اپنے بندے کو ایک رات مسجد حرام سے انتہائی "مسجد الاقصی" (یا نہایت اونچے مقام سجدہ) تک جس کے گردو پیش ہم نے برکت ہی برکت قرار دی ہے تاکہ ہم انہیں دکھائیں اپنی کچھ نشانیاں یقینا وہ سننے والا ہے، بڑا دیکھنے والا"۔
جو اللہ کی بات کرے، جہاد کی بات کرے، تحفظ دین و تحفظ امت اور دفاع حرم کی بات کرے اس کو ایران نواز کہا جاتا ہے!
ایران نوازی اور اسرائیل نوازی یا امریکہ نوازی یا سعودی نوازی آج کل کی رائج اصطلاحات ہیں جن سے سعودی ـ یہودی ذرائع ابلاغ میں بھرپور استفادہ کیا جاتا ہے۔
جو لوگ جہاد، تحفظ دین، دفاع حرم، دفاع امت، مقاومت اور زندہ جاوید مذہب شیعہ کی بات کرتے ہیں انہیں اسرائیل نواز اور سعودی نواز، ایرانی نواز کہیں گے لیکن اگر یہ لوگ بظاہر شیعہ ہوں، اہل بیت کی روایات سے استفادہ کرتے ہوں اور دین و اسلام و مذہب کے حامیوں کو یا تو مقصر کہتے یا ایران نواز، تو یہ سوال اٹھتا ہے کہ اس دور میں یہ لوگ جن کی زبان اسرائیل نوازوں اور سعودی نوازوں کی زبان ہے، تو یہ خود کیا نواز ہیں؟ کیا یہ امریکہ نواز ہیں، اسرائیل نواز ہیں، سعودی نواز ہیں، برطانیہ نواز ہیں یا پھر کچھ اور ہیں؟ ان کا اپنا تعارف کیا ہے؟ امریکہ اگر بڑا شیطان ہے تو اس کے چیلے چھوٹے شیطان ہیں چنانچہ جو ان کے ایجنڈے پر عمل کررہے ہیں کیا انہیں ابلیس نواز کا خطاب نہیں ملنا چاہئے؟
جہاد و مقاومت کا پرچم ایران کے ہاتھ میں ہے، دفاع حرم کا پرچم ایران کے ہاتھ میں ہے، ولایت کا نظام ایران میں قائم ہے جس نے امریکہ، برطانیہ اور ان کے کٹھ پتلی سعودی اور یہودی ریاستوں کی نیندیں حرام کردی ہیں تو جو آج ایران کا دشمن ہے وہ یقینا امریکہ، برطانیہ اور ان کے کٹھ پتلیوں کا ایجنٹ ہے اور جو اس ایران کی حمایت کرے وہ حق و حقیقت کی حمایت کررہا ہے، ایک زندہ و پائندہ اسلام کی حمایت کررہا ہے، محمدی اسلام کی حمایت، ولائی اسلام کی حمایت، صبر و استقامت کی حمایت تو کیا یہ حمایت باعث شرم ہے یا باعث فخر؟ کیا امریکی اسلام اور انگریزی شیعیت ـ جو زندہ مذہب کو مارنے پر تلی ہوئی ہے اور اس کو ایک مردہ مذہب بنانے کے چکر میں ہے اور برطانیہ اور ایم آئی 6 کی پیروی کو اپنے لئے باعث فخر سمجھتی ہے ـ باعث فخر ہے؟
آج کے زمانے میں شیعیان اہل بیت علیہم السلام یہودی و نصاریٰ کی ریشہ دوانیوں کے خلاف جہاد کے علمبردار ہیں تو کچھ لوگ یہودی و نصاریٰ کے حکم کے مطابق ان کے لئے قلم فرسائی کرتے ہیں؛ قدس اور فلسطین کو ایران کا مسئلہ گردانتے ہیں اور جو لوگ اسلام کے اس اہم مسئلے کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہیں انہیں ایران نواز کہتے ہیں۔ بالکل اسی لب و لہجے میں کچھ باتیں سعودی لکھاری بھی لکھتے ہیں اور پھر اسرائیلی وزراء بھی بول دیتے ہیں کہ فلسطین کی حمایت کے سلسلے میں بنی سعود ایران سے ناراض ہیں!! اور ادھر یہ شیعہ کہلوانے پر اصرار کرنے والے معصومین کی تقلید کے مدعی بھی اسی لب و لہجے میں تقریریں جھاڑتے ہیں، مضامین لکھتے ہیں اور یوم القدس کو ـ جو تاریخ تشیع کا روشن ترین باب ہے ـ کو متنازعہ بناتے ہیں اور دوسری طرف سے تکفیری دہشت گرد پاکستان میں یوم القدس کی ریلیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہیں تو اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کے سب کے تانے بانے کہاں سے اور کس ملک کے کونسے وزارت خانے یا خفیہ ایجنسی سے ملتے؟ اور ان سب کا کمانڈ روم کیوں ایک ہی ملک میں یا ایک ہی سمت میں استکباریت پر کاربند ہوکر دنیا بھر کا استحصال کرنے والے معدودے چند ممالک میں واقع ہے؟
یہ لوگ قرآن مجید کو یکسر نظر انداز کرکے مسجد الاقصی کے خلاف گستاخانہ قلم فرسائی کرتے ہوئے قرآن و حدیث کی تفسیر بالرأی کرتے ہیں اور قرآنی آیات اور بیت المقدس اور مسجد الاقصی کی توہین کرتے ہیں جو گویا خود بھی کسی قبلے کی طرف نماز کم ہی پڑھتے ہونگے اور اگر حکم ملے تو یقینا کعبہ کے خلاف بھی بولنا شروع کریں گے کیونکہ ان کے لئے اپنا دو ٹکے کا مفاد ہی عزیز ہوتا ہے اور کسی چیز کے لئے تقدس کے قائل ہی نہیں ہیں اور جہاں کسی مفہوم کے تقدس کا دعوی کرتے ہیں در حقیقت دوسرے مقدسات کے خلاف کیچڑ اچھالنا مقصود ہوتا ہے۔
مسجد الاقصی کا نام لینا تک پسند نہیں کرتے اور اس کو فلسطین کی مسجد قرار دیتے ہیں اور قریب ہے کہ مسجد الاقصی کو بھی یہودیوں کی مسجد قرار دیں!! اور پھر کسی تفسیری یا تاریخی کتاب کے حوالے دیتے ہیں اور قرآن کو سرے سے نظر انداز کر دیتے ہیں۔ اور جو لوگ قبلہ اول اور بیت المقدس کے تقدس کی بات کرتے ہیں انہیں غیر معصوم کی تقلید کا طعنہ دیتے ہیں۔
نکتہ:
کیا مسجد کا دفاع واجب نہیں ہے؟ کیا اگر وہ مسجد مسجد الاقصی نہ ہو تو اس کو یہودیوں کے قبضے میں رہنے دینا چاہئے؟ کیا ایک مسجد ـ چاہے وہ کہیں بھی ہو ـ پر اگر یہودی قبضہ کرلیں تو مسلمانوں کا فرض نہیں بنتا کہ اس دشمن کے ہاتھ سے چھڑا دیں اور پھر مسجد الاقصی کا ذکر قرآن میں آیا ہے اور اللہ اپنے کچھ حقائق دکھانے کے لئے رسول اللہ(ص) کو مسجد الحرام سے مسجد الاقصی لے جاتے ہیں اور پھر مسجد الاقصی وہی مقام ہے جہاں سے رسول اللہ(ص) کو معراج پر لے جایا گیا۔
یہاں پسند و ناپسند کی بات بھی نہیں ہے یہودیوں نے زبردستی اور فوج کی طاقت سے ایک مسلم خطے پر قبضہ کررکھا ہے اور وہاں سے پورے عالم اسلام کو دھمکا رہا ہے؛ "نیل سے فرات تک" کا نعرہ لگا رہے ہیں اور اگر اس ایجنڈے پر عمل کرنے میں کامیاب ہوجائیں تو اسی علاقے میں ہمارے اہم ترین اور مقدس ترین مراکز اور کربلا اور نجف اور کاظمین و سامرا بھی شامل ہیں اور کعبہ بھی محفوظ نہیں رہے گا کیونکہ وہ مدینہ اور خیبر کو بھی نہیں بھولے ہیں اور پھر آج بنی سعود بھی آج اعلانیہ طور پر یہود کی گود میں جا بیٹھے ہیں۔
جہاں تک غیر معصوم کی تقلید کا تعلق ہے تو شیعہ امامیہ اثناعشریہ میں معصوم کی تقلید ایک مہمل اور انحرافی مفہوم ہے کیونکہ ہم پر معصوم کی تقلید فرض ہی نہیں ہوئی، بلکہ ان کی اطاعت اور پیروی کا حکم ہے، تقلید صرف غیر معصوم فقہاء کے لئے ائمہ علیہم السلام سے ہی نقل ہوئی ہے؛ بطور مثال دو منقولہ دلیلیں:
امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں:
"مَنْ کَانَ مِنْکُمْ قَدْ رَوَى حَدِیثَنَا وَنَظَرَ فِی حَلَالِنَا وَحَرَامِنَا وَعَرَفَ أَحْکَامَنَا فَلیَرضُوْا بِهِ حَکَماً فَإِنِّی قَدْ جَعَلْتُهُ عَلَیْکُمْ حَاکِماً؛ فَإِذا حَکَمَ بِحُکمِنا فَلَم یُقبَل مِنهَ، فَإنّما استُخِفّ بِحُکمِ اللهِ، وَعَلَینا رُدَّ، وَاَلرَّادُّ عَلَیْنَا اَلرَّادُّ عَلَى اَللَّهِ وَهُوَ عَلَى حَدِّ اَلشِّرْکِ بِاللَّهِ".
تم میں سے وہ فرد جو ہماری حدیثیں بیان کرتا ہے اور ہمارے حلال و حرام میں صاحب رائے و نظر ہے اور ہمارے احکام سے آگاہ ہے، پس عوام کو اس کی طرف رجوع کرنا چاہئے اور اس کے حکم یا فیصلے پر راضی و خوشنود ہونا چاہئے، پس میں نے اس کو تمہارے اوپر حاکم قرار دیا ہے۔ جب وہ ہمارے حکم کے مطابق فیصلہ کرے / حکم دے اور اس کا حکم قبول نہ کیا جائے تو اللہ کے حکم کو بے نطر انداز کیا گیا ہے اور ہمیں رد کیا گیا ہے اور جس نے ہمیں رد کیا اس نے خدا کو رد کیا اور خدا کو رد کرنے والا شرک کی حد تک پہنچ چکا ہے۔ (وسائل الشیعة ج27، ص 136)
امام حسن عسکری علیہ السلام فرماتے ہیں:
"أمّا مَن کانَ مِن الفُقَهاءِ صائناً لنفسِهِ حافِظاً لِدینِهِ مُخالِفاً على هَواهُ مُطِیعاً لأمرِ مَولاهُ فلِلعَوامِّ أن یُقَلِّدُوهُ، وذلکَ لا یکونُ إلّا بَعضَ فُقَهاءِ الشِّیعَةِ لا جَمیعَهُم"۔
ترجمہ: پس فقہاء میں سے جو بھی (فقیہ) اپنے نفس کو پلیدیوں اور گناہوں اور االلہ کی نافرمانی سے محفوظ رکھنے والا ہے، اپنے دین کی حفاظت کرنے والا ہو، نفسانی خواہشات اور ہوا و ہوس کے خلاف ہو اور "مولا" (یعنی خدا، رسول(ص)، اور امام(ع)) کا مطیع و فرمانبردار ہو، تو عوام پر لازم ہے کہ اس کی تقلید و اطاعت کریں۔ اور یہ صرف کچھ ہی فقہاء ان تمام خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں نہ کہ سارے فقہاء۔ (علامہ طبرسی، (احمد بن علی)، الاحتجاج، ج 2، ص 485؛ الحر العاملی، وسائل الشیعہ، ج27، ص131)
جہاں تک نصیریوں اور امام معصوم کی تقلید کے دعویداروں کا سوال ہے تو ان حدیثوں سمیت اہل بیت علیہم السلام سے منقولہ تمام احادیث ان کے ہاں قابل استناد اور معتبر ہیں۔ چنانچہ انہیں تو بہر حال اسے تسلیم کرنا پڑے گا یا پھر انکار حدیث کے ملزم ٹہریں گے۔
اور پھر عقلی دلیل یہ ہے کہ جب آپ بیمار پڑجاتے ہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں اور دلیل پوچھے بغیر اس کے نسخے پر عمل کرتے ہیں اور انجانی دوائیں لیتے ہیں اور استعمال کرتے ہیں اور تحقیق کی ضرورت محسوس نہیں کرتے کیونکہ آپ کو اجمالی علم حاصل ہے کہ ڈاکٹر بیماری اور دوائی کا عالم ہے، یہی صورت حال یہاں بھی ہے کہ ہم ہم ایک عالم دین ـ یعنی فقیہ و مجتہد ـ سے اپنے دین کا نسخہ لیتے ہیں اپنے اجمالی علم کی رو سے اور وہ یہ کہ ہم جانتے ہیں وہ اسلام شناس ہیں اور ہر انسان کے لئے علم کے وہ تمام مراحل طے کرنا ممکن نہیں ہیں جو ایک مجتہد طے کرچکا ہوتا ہے۔ چنانچہ اگر معصوم کی تقلید کی بات صحیح ہو تو ہمارے فقہاء معصومین کے مقلد ہیں اور معصوم کے کلام کو سمجھتے ہیں اور اس سے احکام کا استنباط کرتے ہیں یہ الگ بات ہے کہ غیر معصوم کی تقلید کے مخالفین اور امام معصوم کی تقلید کے دعویدار ایک مختصر سے عربی متن پڑھنے سے عاجز ہیں؛ اور اگر پھر یہ کہتے ہیں کہ ہم میں سے کچھ لوگ عربی سے بھی واقف ہیں اور قواعد سے بھی اور اس انگریزی یا امریکی فرقے کے باقی پیروکار اس کی بات سن کر مسئلہ سیکھتے ہیں اور عمل کرتے ہیں تو یہ شیعہ قواعد کی طرف رجوع کے زمرے میں آئے گا فرق صرف یہ ہوگا کہ ان کے ہاں کے چند حدیثیں درست پڑھنے کی صلاحیت رکھنے والے علمی لحاظ سے ذرا نچلی سطح پر ہیں؛ گو کہ یقینا دو آیتیں اور دو حدیثیں پڑھنے سے وہ رتبۂ عصمت پر فائز نہیں ہو سکتے اور باقی لوگ ان کی تقلید کرتے ہیں یعنی یہ خود ہی غیر معصوم کی تقلید کی طرف پلٹ جاتے ہیں لیکن ذرا خفیہ اندار سے!!!!
قبلہ اول سے کراہیت کا احساس
یہودی ریاست کے یہ ترجمان اپنے مضامین میں لکھتے ہیں کہ حدیث میں ہے کہ "وکره قبلتهم وأحب الکعبة" (یعنی رسول اللہ(ص) ان کے قبلے کو ناپسند کیا اور کعبہ کو پسند کیا)؛ جبکہ یہ تو ایک مفصل حدیث ہے اور اس میں اللہ کی رضا کی بات ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ کا نصب العین ہے اور اس میں سے ایک جملہ نکال کر "کہ رسول اللہ ان کے قبلے کو ناپسند کرتے تھے اور کعبہ سے محبت کرتے تھے" قبلہ اول کے کاز کو نشانہ بنا کر یہودی ـ سعودی مفاد کے تحفظ کی کوشش کی گئی ہے۔
قبلہ کے معانی:
پرستشگاہ، عبادتگاہ، پیشوا، بڑا اور زعیم، سمت اور جہت، طرف، مد مقابل، جنوب، روش اور طریقہ۔
تو قبلہ یہاں روش ہے جو یہودیوں کے ہاں رائج تھی اور اس روش کو ناپسند کرتے تھے اور وہ روش یہ تھی کہ وہ قبلہ اول کی طرف نماز پڑھنے کو رسول اللہ اور مسلمانوں کے لئے ایک نقص سمجھتے تھے چنانچہ اس واقعے کو اللہ تعالی نے سورہ بقرہ کی آیات 144 و 145 میں بیان فرمایا ہے۔
پہلی بات تو یہ ہے کہ سورہ بقرہ کی کئی آیات کا تعلق تبدیلی قبلہ سے ہے اور یہ حدیث بھی اسی آیت کی تفسیر میں بیان ہوئی ہے۔ اور یہ کچھ یوں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ نے جبرائیل سے فرمایا کہ میری خواہش یہ ہے کہ خداوند متعال مجھے بیت المقدس سے پلٹا دے اور کیونکہ مجھے یہودیوں سے پہنچنے والے مسائل اور ان کی روشوں سے اور ان کے قبلے کی طرف میری نماز کے بارے میں ان کے طعنوں سے سے اذیت پہنچتی ہے۔ تو جبرائیل لوٹ کر آئے اور عرض کیا: اے محمد(ص)! پڑھ لیجئے:
تو قبلہ یہاں روش ہے جو یہودیوں کے ہاں رائج تھی اور اس روش کو ناپسند کرتے تھے اور وہ روش یہ تھی کہ وہ قبلہ اول کی طرف نماز پڑھنے کو رسول اللہ اور مسلمانوں کے لئے ایک نقص سمجھتے تھے چنانچہ اس واقعے کو اللہ تعالی نے دو آیتوں کے ضمن میں یوں بیان فرمایا:
"قَدْ نَرَى تَقَلُّبَ وَجْهِکَ فِی السَّمَاء فَلَنُوَلِّیَنَّکَ قِبْلَةً تَرْضَاهَا فَوَلِّ وَجْهَکَ شَطْرَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ وَحَیْثُ مَا کُنتُمْ فَوَلُّواْ وُجُوِهَکُمْ شَطْرَهُ وَإِنَّ الَّذِینَ أُوْتُواْ الْکِتَابَ لَیَعْلَمُونَ أَنَّهُ الْحَقُّ مِن رَّبِّهِمْ وَمَا اللّهُ بِغَافِلٍ عَمَّا یَعْمَلُونَ ٭ وَلَئِنْ أَتَیْتَ الَّذِینَ أُوْتُواْ الْکِتَابَ بِکُلِّ آیَةٍ مَّا تَبِعُواْ قِبْلَتَکَ وَمَا أَنتَ بِتَابِعٍ قِبْلَتَهُمْ وَمَا بَعْضُهُم بِتَابِعٍ قِبْلَةَ بَعْضٍ۔۔۔؛ بہت دیکھ رہے ہیں ہم آپ کے چہرے کی گردش کو آسمان کی طرف، تو اب ہم آپ کو اس قبلہ کی طرف موڑدیں گے جس سے آپ خوش ہو جائیں گے۔ بس اب مسجد حرام کی طرف اپنا رخ موڑا کیجئے اور تم لوگ جہاں کہیں ہو اپنے منہ اسی طرف کیاکرو، اور وہ جنھیں کتاب دی گئی ہے [یعنی یہود و نصاریٰ] یقینا بخوبی جانتے ہیں کہ یہ ان کے پروردگار کی طرف کا حقیقی فیصلہ ہے اور اللہ اس سے، جو وہ کرتے ہیں، بے خبر نہیں ہے۔ ٭ اور اگر آپ ان اہل کتاب کے سامنے سارے معجزے پیش کر دیں پھر بھی وہ آپ کے قبلہ کی پیروی نہ کریں گے اور نہ آپ ہی ان کے قبلہ کے پیرو ہوں گے اور خود وہ بھی ایک دوسرے کے قبلہ کے پیرو نہیں ہیں"۔ (سورہ بقرہ، آیات 144۔145)
تغییر قبلہ کے اسرار
تفسیر نمونہ میں مذکورہ بالا آیات کریمہ کی تفسیر میں مکتوب ہے:
چونکہ اس زمانے میں مشرکین نے کعبہ کو بتوں کا مرکز بنا رکھا تھا، تو اللہ کی طرف سے حکم یہ تھا کہ "وقتی طور پر" بیت المقدس کی طرف نماز ادا کریں اور یوں اپنی صفیں مشرکین سے الگ کریں۔
لیکن جب مسلمانوں نے مدینہ کی طرف ہجرت کی اور ایک ملت و امت اور ایک حکومت کا قیام عمل میں آیا اور ان کی صفوف دوسروں سے ممتاز ہوئیں تو مزید کوئی ضرورت نہیں رہتی تھی کہ اس روش کو جاری رکھیں چنانچہ وہ قدیم ترین مرکز توحید یعنی کعبہ کی طرف پلٹ آئے جن سے انبیاء الہی کا قدیم ترین زمانے سے واسطہ تھا۔
ظاہر ہے کہ بیت المقدس کی طرف مسلمانوں کا نماز پڑھنا بھی مسلمانوں کے مشکل تھا کیونکہ وہ کعبہ کو اپنی نسل کا معنوی سرمایہ سمجھتے تھے اور بیت المقدس سے پلٹنا بھی ان کے لئے مشکل تھا کیونکہ ان کی عادت بنی ہوئی تھی کہ قبلہ اول ہی کی طرف نماز پڑھیں، اور یوں مسلمانوں کو آزمایا گیا۔
انہیں آزمایا کیا کہ شرک کے جو آثار ان کے وجود میں جڑ پکڑے ہوئے ہیں، آزمائش کی اس بھڑکتی آگ میں جل کر راکھ ہوجائیں اور اپنے شرک آلود ماضی سے اپنا تعلق توڑ دیں اور اللہ کے فرمان کے آگے تسلیم محض کا رویہ ان کے اندر پیدا ہوجائے۔
سورہ بقرہ کی آیت 144:
سب کے سب کعبہ کی طرف رخ کرو
اس آیت کریمہ میں تغییر قبلہ کا فرمان جاری ہوا ہے ابتداء میں ارشاد ہوتا ہے : "ہم بہت دیکھ رہے ہیں آپ کے چہرے کی گردش کو آسمان (یعنی مرکز وحی) (قَدْ نَرَى تَقَلُّبَ وَجْهِکَ فِی السَّمَاء).
"تو اب ہم آپ کو اس قبلہ کی طرف موڑدیں گے جس سے آپ خوش ہو جائیں گے"، (فَلَنُوَلِّیَنَّکَ قِبْلَةً تَرْضَاهَا)۔
"بس اب مسجد الحرام اور کعبہ کی طرف اپنا رخ موڑا کیجئے"، *(فَوَلِّ وَجْهَکَ شَطْرَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ)۔ *
نہ صرف مدینہ میں بلکہ "تم لوگ جہاں کہیں ہو اپنے منہ اسی طرف کیاکرو"، (وَحَیْثُ مَا کُنتُمْ فَوَلُّواْ وُجُوِهَکُمْ شَطْرَهُ)۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ تغییر قبلہ یا قبلہ کی تبدیلی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ کی نشانیوں کے ضمن میں سابقہ کتب میں مذکور تھی اور انھوں نے اپنی کتب میں پڑھ لیا تھا کہ آپ دو قبلوں کی طرف نماز پڑھیں گے۔ (یصلی الی القبلتین) (تفسیر مجمع البیان، ذیل آیت، بحار الانوار، ج19، ص198، و ج81، ص40)
لہذا خداوند متعال ارشاد فرماتا ہے: "جن لوگوں کو کتاب دی گئی ہے [یعنی یہود و نصاریٰ] یقینا بخوبی جانتے ہیں کہ یہ ان کے پروردگار کی طرف کا حقیقی فیصلہ اور حقیقی فرمان ہے"، (وَإِنَّ الَّذِینَ أُوْتُواْ الْکِتَابَ لَیَعْلَمُونَ أَنَّهُ الْحَقُّ مِن رَّبِّهِمْ)۔
اور آخر میں ارشاد ہوتا ہے: "اور اللہ اس سے، جو وہ کرتے ہیں، بے خبر نہیں ہے"، (وَمَا اللّهُ بِغَافِلٍ عَمَّا یَعْمَلُونَ)۔
یعنی یہ کہ یہود و نصاریٰ ـ بالخصوص یہودی ـ بجائے اس کے تغییر قبلہ کو اپنی کتب میں مذکورہ حقائق کی رو سے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ کی سچائی کی علامت کے طور پر بیان کریں، اسے چھپانے پر اصرار کرتے رہے اور اس پر تنازعہ کھڑا کیا۔ اللہ بھی ان کے اعمال سے آگاہ ہے اور ان کی نیتوں کو بھی جانتا ہے۔ (سورہ بقرہ کی آیت 145)
وہ کسی قیمت پر بھی راضی نہیں ہونگے
گذشتہ آیت کی تفسیر میں بیان ہوا کہ اہل کتاب جانتے تھے کہ بیت المقدس سے کعبہ کی طرف قبلہ کی تبدیلی نہ صرف پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ و آلہ کے لئے نقص نہیں ہے بلکہ یہ تو آپ کی حقانیت کی نشانیوں میں سے ایک ہے، لیکن ان کی روایتی عصبیتوں نے انہیں حق کے سامنے سر تسلیم ہونے کی اجازت نہیں دی۔
لہذا قرآن کریم فیصلہ کن انداز میں ارشاد فرماتا ہے: "اور اگر آپ ان اہل کتاب کے سامنے سارے معجزے (اور اپنی حقانیت کی دلیلیں اور علامتیں) پیش کر دیں پھر بھی وہ آپ کے قبلے کی پیروی نہ کریں گے"، (وَلَئِنْ أَتَیْتَ الَّذِینَ أُوْتُواْ الْکِتَابَ بِکُلِّ آیَةٍ مَّا تَبِعُواْ قِبْلَتَکَ)۔
اور ارشاد فرماتا ہے: "اور آپ بھی کبھی ان کے قبلے کے پیرو نہیں ہوں گے"، (وَمَا أَنتَ بِتَابِعٍ قِبْلَتَهُمْ)۔
یعنی یہ کہ اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان جھگڑوں اور تنازعات کور بیہودہ بحث و جدل کے نتیجے میں مسلمانوں کا قبلہ پھر بھی بدل جائے گا، تو ان کا تصور غلط اور بےجا ہے، اور کعبہ مسلمانوں کا دائمی ابدی قبلہ ہے۔
بعدازاں ارشاد ہوتا ہے: اور وہ اپنے عقیدے میں اس قدر عصبیت زدہ ہیں کہ "خود وہ بھی ایک دوسرے کے قبلہ کے پیرو نہیں ہیں"، *(وَمَا بَعْضُهُم بِتَابِعٍ قِبْلَةَ بَعْضٍ)۔ *
نہ تو یہودی نصاریٰ کے قبلے کی پیروی کرتے ہیں اور نہی ہی نصاریٰ یہودیوں کے قبلے کی۔
یہ آیات نازل ہوئیں تو یہودی ـ جو آپ سے کہتے تھے کہ آپ کا تو اپنا قبلہ بھی نہیں ہے ـ کہنے لگے کہ کس چیز نے ان لوگوں (پیغمبر اور مسلمانوں) کو پھیر دیا ان کے اس قبلے سے جس پر وہ تھے؟ تو اللہ تعالی نے انہیں خوبصورت ترین جواب دیا اور فرمایا: "قُل لِّلّهِ الْمَشْرِقُ وَالْمَغْرِبُ؛ کہہ دیجئے کہ اللہ ہی کا ہے مشرق بھی اور مغرب بھی"، (سورہ بقرہ، آیت 142) وہی مالک ہے مشرق و مغرب کا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ کو نئی تبدیلی کا حکم دینا، بالکل اسی طرح ہے جس طرح کہ وہ تمہیں دوسری طرف پلٹا دینے کا حکم دیتا ہے؛ "جسے وہ چاہتا ہے سیدھے راستے پر لگا دیتا ہے"؛ وہی ان کے امور کی اصلاح کرنے والا ہے اور ان کی طاعت اور فرمانبرداری انہیں راحت و آرام والے بہشتوں میں لے جائے گی۔
سورہ بقرہ کی آیت 142؛ تفسیر نمونہ کی روشنی میں:
"سَیَقُولُ السُّفَهَاء مِنَ النَّاسِ مَا وَلاَّهُمْ عَن قِبْلَتِهِمُ الَّتِی کَانُواْ عَلَیْهَا قُل لِّلّهِ الْمَشْرِقُ وَالْمَغْرِبُ یَهْدِی مَن یَشَاء إِلَى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیمٍ؛ بہت جلد بے وقوف لوگ یہ کہیں گے کہ کس چیز نے ان لوگوں کو پھیر دیا ان کے اس قبلے سے جس پر وہ تھے، کہہ دیجئے کہ اللہ ہی کا ہے مشرق بھی اور مغرب بھی۔ جسے وہ چاہتا ہے سیدھے راستے پر لگا دیتا ہے"۔ (سورہ بقرہ، آیت 142)
تبدیلی قبلہ کا واقعہ!
یہ آیت اور اگلی چند آیات تاریخ اسلام کی ایک واقعے کی طرف اشارہ کرتی ہیں:
وضاحت یہ ہے: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ بعثت کے بعد کے تیرہ سالہ مکی دوران رسالت میں بھی اور ہجرت کے بعد کئی مہینوں تک مدینہ منورہ میں بھی اللہ کے حکم سے بیت المقدس کی طرف نماز ادا کرتے تھے لیکن جب قبلہ بدل گیا تو مسلمانوں کو حکم ملا کہ کعبہ کی طرف نماز قائم کریں۔
یہودی مسلسل ملامت کررہے تھے کہ مسلمانوں کا تو اپنا قبلہ تک نہیں ہے اور دعوی کررہے تھے کہ بیت المقدس ہمارا قبلہ ہے اور آپ ہمارے قبلے کی طرف نماز پڑھ رہے ہیں [جبکہ نماز اللہ کی ہے اور قبلہ بھی اللہ کی طرف سے متعین ہے چاہے وہ ہو چاہے وہ ہو، کیونکہ قبلہ کسی قوم یا نسل کے لئے مختص نہیں ہوتا)؛ وہ کہا کرتے تھے کہ مسلمان ہمارے قبلے کی طرف نماز پڑھتے ہیں لہذا ہم برحق ہیں۔
یہ باتیں رسول اللہ(ص) اور مسلمانوں کے لئے ناگوار تھیں کیونکہ وہ تو اللہ کے اطاعت گزار تھے لیکن ساتھ ہی انہیں یہودی طعنے سننا پڑ رہے تھے چنانچہ رسول اللہ(ص) راتوں کو آسمان کی طرف دیکھتے تھے اور وحی کے منتظر تھے۔
انتظار کی گھڑیاں گذرتی رہیں اور آخرکار قبلہ کی تبدیلی کا حکم بارگاہ ربانی سے صادر ہوا؛ ایسے حال میں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ "مسجد بنی سالم" (مسجد ذو قبلتین) میں نماز ادا کررہے تھے، نماز کی دو رکعتیں بیت المقدس کی طرف پڑھ لی تھیں کہ جبرائیل(ع) کو حکم ہوا کہ آپ کا باز پکڑ کر آپ کا رخ کعبہ کی طرف پلٹا دیں۔
یہودیوں کو اس واقعے سے بہت دکھ ہوا اور اپنی قدیمی روش کے مطابق حیلوں بہانوں کا سہارا لیا۔ وہ اس سے پہلے کہتے تھے کہ "ہم تو مسلمانوں سے بہتر ہیں"، کیونکہ وہ کہتے تھے کہ مسلمان قبلہ کے لحاظ سے مستقل اور خودمختار نہیں ہیں اور ہمارے پیروکار ہیں۔ لیکن اللہ کی طرف سے قبلہ کی تبدیلی کا حکم آتے ہی اعتراض کرنے لگے، چنانچہ اللہ تعالی نے مذکورہ آیت کریمہ میں ارشاد فرمایا: "بہت جلد بے وقوف لوگ یہ کہیں گے کہ کس چیز نے ان لوگوں (مسلمانوں) کو پھیر دیا ان کے اس قبلے سے جس پر وہ تھے"، (سَیَقُولُ السُّفَهَاء مِنَ النَّاسِ مَا وَلاَّهُمْ عَن قِبْلَتِهِمُ الَّتِی کَانُواْ عَلَیْهَا)۔
اب یہودیوں نے سوال اٹھایا کہ "اگر پہلا قبلہ صحیح تھا تھا تبدیلی چہ معنی دارد؟ اور اگر دوسرا قبلہ صحیح ہے تو آپ نے تیرہ سال تک مکہ مکرمہ میں اور کئی ماہ تک مدینہ منورہ میں کیوں پہلے والے قبلے کی طرف نماز قائم کی؟؟
جس کے جواب میں اللہ نے اپنے حبیب کو ہدایت کی کہ ان سے کہہ دیں: "کہہ دیجئے کہ اللہ ہی کا ہے مشرق بھی اور مغرب بھی؛ جسے وہ چاہتا ہے سیدھے راستے پر لگا دیتا ہے"، (قُل لِّلّهِ الْمَشْرِقُ وَالْمَغْرِبُ یَهْدِی مَن یَشَاء إِلَى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیمٍ)۔
یہ ایک برہان قاطع اور دلیل روشن ہے ان بہانہ گیروں کے لئے بیت المقدس اور کعبہ اور ہر کائنات کا ہر مقام اللہ کی ملکیت ہے؛ اصولی طور پر اللہ لا مکان ہے اور اس کے لئے کسی گھر اور کسی جگہ کی ضرورت نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ آپ اللہ کے فرمانے کے آگے سرتسلیم خم کریں، اور وہ جس مقام کی طرف نماز قائم کرنے کا فرمان جاری کرے، وہی مقدس اور محترم ہے اور کوئی بھی مقام اور زمین و آسمان کا کوئی بھی نقطہ اللہ کی عنایت خاصہ کے بغیر، بذات خود کسی قسم کی شرافت کا حامل نہیں ہوسکتا، وہ جس مقام کو چاہے مقدس بنا دیتا ہے۔
اور تغییر قبلہ در حقیقت امتحان و آزمائش اور ارتقاء کا ایک مرحلہ ہے اور یہ سب مصادیق ہیں ہدایت الہیہ کے۔ وہی ہے جو "جسے وہ چاہتا ہے سیدھے راستے پر لگا دیتا ہے"۔ (تفسیر نمونہ، ج1، ذیل آیت 142، سورہ بقرہ)
ان آیات کریمہ سے کہیں کراہیت کی بات نہیں ہے یہاں تو تسلیم محض کی بات ہے اور پھر مشرق و مغرب اللہ کے لئے ہیں اور رسول اللہ(ص) اور مسلمانوں کو تسلیم ہونا ہے حکم رب کے آگے، چاہے وہ حکم بیت المقدس کو قبلہ قرار دینے سے متعلق ہو چاہے کعبہ کو۔
اور پھر یہ بات تو قبلہ کی ہوئی جبکہ آج کوئی بھی یہ نہیں کہتا کہ قبلہ مسلمین یعنی کعبہ شریف کو چھوڑ کر دوبارہ قبلہ اول کی طرف نماز پڑھنا شروع کریں بلکہ موضوع اسلامی اور غیرت کا ہے جو ایک مسلمان کے لئے ہمیشہ اہمیت رکھتا تھا، رکھتا ہے اور رکھے گا۔
اب پلٹتے ہیں مسجد الاقصی کی طرف؛ مسجد الاقصی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ کی معراج گاہ
اللہ تعالی نے قرآن کریم کی سورہ اسراء کی پہلی آیت میں ارشاد فرمایا:
"سُبْحَانَ الَّذِی أَسْرَى بِعَبْدِهِ لَیْلاً مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الأَقْصَى الَّذِی بَارَکْنَا حَوْلَهُ لِنُرِیَهُ مِنْ آیَاتِنَا إِنَّهُ هُوَ السَّمِیعُ البَصِیرُ؛ پاک ہے وہ جو لے گیا اپنے بندے کو ایک رات مسجد حرام سے انتہائی "مسجد الاقصی" (یا نہایت اونچے مقام سجدہ) تک جس کے گردو پیش ہم نے برکت ہی برکت قرار دی ہے تاکہ ہم انہیں دکھائیں اپنی کچھ نشانیاں یقینا وہ سننے والا ہے، بڑا دیکھنے والا"۔
یہ سورہ اسراء یا سورہ بنی اسرائیل کی پہلی آیت ہے اسراء کے معنی رسول اللہ(ص) کے رات کے وقت کے سفر کے ہیں۔ اس سفر میں مسجدالحرام سے روانہ ہوئے اور بیت المقدس میں واقع مسجد الاقصی کی طرف تشریف فرما ہوئے اور یہ معراج کا ابتدائی مرحلہ تھا۔ یہ سفر ایک ہی رات کے مختصر سے لمحات میں انجام پایا جو کہ اس زمانے کے معمولی وسائل کے ذریعے امکان پذیر نہ تھا اور اس کا اعجاز اور خارق العادہ ہونے کا پہلو بالکل نمایاں ہے۔
"سُبْحَانَ الَّذِی أَسْرَى بِعَبْدِهِ لَیْلاً مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الأَقْصَى الَّذِی بَارَکْنَا حَوْلَهُ لِنُرِیَهُ مِنْ آیَاتِنَا إِنَّهُ هُوَ السَّمِیعُ البَصِیرُ"۔ (سورہ بنی اسرائیل، آیت 1)
ترجمہ: ابتداء میں ارشاد ہوتا ہے: "پاک ہے وہ جو لے گیا اپنے بندے کو ایک رات میں مسجد الحرام سے "مسجد الاقصی" (یا انتہائی اونچے مقام سجدہ) تک"، * (سُبْحَانَ الَّذِی أَسْرَى بِعَبْدِهِ لَیْلاً مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الأَقْصَى)۔*
"وہ (مسجد) جس کے گردو پیش ہم نے برکت ہی برکت قرار دی ہے" (الَّذِی بَارَکْنَا حَوْلَهُ)۔
یہ (خارق العادہ اور غیر معمولی سفر) اس لئے (تھا) کہ ہم انہیں دکھا دیں اپنی عظمت کی کچھ نشانیاں (جو وہاں موجود تھیں)"، (لِنُرِیَهُ مِنْ آیَاتِنَا)۔
اور مزید ارشاد فرماتا ہے: "یقینا وہ سننے والا ہے، بڑا دیکھنے والا" (إِنَّهُ هُوَ السَّمِیعُ البَصِیرُ)۔
یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ خداوند متعال نے اپنے پیغمبر کو اس اعزاز کے لئے بلا سبب نہیں چنا، بلکہ وہ اعلی گفتار و کردار کے مالک تھے اور یہ لباس آپ کو مکمل طور پر جچتا تھا۔ خداوند متعال نے اپنے پیغمبر کے کلام کو سنا تھا اور آپ کے کردار کو دیکھا تھا اور آپ کی شایستگی اور اہلیت کی تائید کرچکا تھا۔
بعض مفسرین نے احتمال دیا ہے کہ اس کا مقصد اس اعجاز کے منکرین کو متنبہ کرنا اور دھمکانا ہے جن کے کلام کو اللہ سنتا ہے اور ان کے اعمال کو دیکھتا ہے اور ان کی سازشوں اور ریشہ دوانیوں سے واقف ہے۔
یہ آیت الفاظ کے لحاظ سے تو مختصر ہے لیکن اس میں رات کے وقت کے اس سفر کی بہت سی خصوصیات اسی مختصر آیت کریمہ میں بیان ہوئی ہیں:
1۔ لفظ "أَسْرَى" سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ سفر رات کے وقت انجام پایا، کیونکہ اسراء کے معنی لغت عرب میں رات کے وقت کے سفر کے ہیں، جبکہ لفظ "سیر" سے مراد دن کے وقت کا سفر ہے۔
2۔ لفظ "لَیْلاً" ایک لحاظ سے تاکید ہے اس شبانہ سفر پر اور ساتھ ہی یہ حقیقت بھی بیان کرتا ہے کہ یہ سفر ایک رات میں انجام پایا اور اہم بات بھی یہی ہے کہ مسجد الحرام سے مسجد الاقصی کا درمیانی فاصلہ تقریبا ساڑھے بارہ سو کلومیٹر ہے اور اس زمانے کے حالات اور وسائل کے لحاظ سے اتنا فاصلہ طے کرنے میں کئی روز اور کئی ہفتوں کا عرصہ لگ جاتا تھا لیکن یہ پورا سفر ایک رات میں انجام پایا۔
3۔ "بِعَبْدِهِ" میں لفظ "عبد" سے معلوم ہوتا ہے کہ یک فخر و اعزاز رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ کی بندگی اور عبدیت کی بنا پر آپ کو عطا ہوا تھا، کیونکہ انسان کے لئے سب سے بڑا رتبہ ہی یہی ہے کہ وہ اللہ کا بندہ ہو اور اللہ کے سوا کسی کے آگے جبین خاک پر نہ رگڑے، اور اللہ کے سوا کسی کے فرمان پر اس کے آگے سرتسلیم خم نہ کرے۔ وہ جو بھی کرے اللہ کے لئے ہو اور جو بھی قدم اٹھائے اللہ کی رضا اور خوشنودی کا حصول مقصود ہو۔
4۔ نیز لفظ "عبد" کے استعمال سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سفر بیداری میں واقع ہوا نہ کہ خواب میں اور یہ ایک جسمانی سیر تھی نہ کہ روحانی، کیونکہ روحانی سیر میں خواب یہ خواب کی طرح کی کسی کیفیت سے ہی شباہت رکھتی ہے۔ لیکن لفظ "عبد" سے معلوم ہوا کہ رسول خدا(ص) کا جسم بھی جان بھی، اس سفر میں شریک ہیں۔ تاہم جو لوگ اس اعجاز کو پوری طرح ہضم کرنے سے عاجز ہیں انھوں نے اس کے روحانی ہونے کا احتمال دیا ہے اور یوں آیت کی توجیہ کی ہے، حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ اگر کوئی کہہ دے کہ "میں فلاں شخص کو فلاں مقام سے فلاں مقام تک لے گیا" تو اس کا مفہوم یہ نہیں ہے کہ یہ سب خواب یا خیال یا تصور اور سوچ کی حد تک تھا۔
5۔ اس سفر کا آغاز ـ جو کہ مسئلہ آسمانوں کی طرف معراج کی تمہید کی حیثیت رکھتا ہے جس کے دلائل الگ سے ذکر ہونگے ـ مسجد الحرام سے ہوا اور قدس شریف میں واقع مسجد الاقصی اس کی زمینی منزل مقصود تھی۔
6۔ اس سفر کا مقصد اللہ کی عظمت کی نشانیاں آنحضور(ص) کو دکھانا تھا اور اسی مقصد سے یہ آسمانی کی طرف بھی جاری رہا۔
7۔ "بَارَکْنَا حَوْلَهُ"؛ جملہ سے مراد یہ ہے کہ مسجد الاقصی اور بیت المقدس نہ صرف ایک مقدس سرزمین ہے بلکہ اس کے گردوپیش کو بھی مبارک اور پر برکت بنایا گیا ہے۔
8۔ "إِنَّهُ هُوَ السَّمِیعُ البَصِیرُ" سے مراد یہ ہے کہ یہ انعام جو اللہ نے رسول اللہ(ص) کو عطا ہوا وہ بے سبب نہ تھا بلکہ آپ کی اہلیتوں کو مد نظر رکھ کر عطا ہوا تھا۔
9۔ "سُبْحَانَ الَّذِی" میں لفظ "سبحان" سے مراد یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ کی یہ سیر اس حقیقت کی علامت ہے کہ خداوند متعال پاک و منزہ ہے ہر عیب و نقص سے۔
10۔ جملہ "مِنْ آیَاتِنَا" میں حرف "من" سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ تعالی کی عظمت کی نشانیاں اس قدر زیادہ ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ کے اس سفر میں آپ کو مسجد الاقصی اور آسمانوں میں آپ کو کچھ ہی نشانیوں کو دکھایا جاسکا ہے۔ (تفسیر نمونہ جلد 12، ابتدائی صفحات، ذیل آیت 1 سورہ اسراء)
حدیث:
"وعن معاویة بن عمار قال: قلت لابی عبد الله (علیه السلام): متى صرف رسول الله (صلى الله علیه وآله) إلى الکعبة ؟ قال: بعد رجوعه من بدر، وکان یصلی فی المدینة إلى بیت المقدس سبعة عشر شهرا ثم أعید إلى الکعبة؛ معاویہ بن عمار کہتے ہیں کہ "میں نے امام جعفر صادق علیہ السلام سے پوچھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ نے کس وقت کعبہ کو قبلہ قرار دیا تو امام علیہ السلام نے فرمایا: غزوہ بدر سے واپسی کے بعد، اور آپ(ص) مدینہ میں سترہ مہینوں تک بیت المقدس کی طرف نماز قائم کرتے تھے اور پھر آپ کا رخ کعبہ کی طرف پلٹایا گیا۔ (وسائل الشیعہ، ج4، ص298)۔
علامہ طباطبائی لکھتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ مکی دوران رسالت کے دوران 13 سال تک مسجد الاقصی کی طرف نماز قائم کرتے تھے اور ہجرت کے بعد زیادہ سے زیادہ سترہ مہینوں تک نماز اور راز و نیاز کے وقت بیت المقدس کو اپنا قبلہ قرار دیتے تھے، لہذا اس "شہر شریف کو مسلمانوں کے قبلہ اول کے طور پر پہچانا جاتا ہے"۔ (تفسیر المیزان، ذیل آیت 1، سورہ اسراء)
یہودی ایجنڈا
یہودی ریاست کے مفاد کے لئے قلم فرسائی کرنے والے لاعلمی میں کہاں تک جاسکتے ہیں آپ خود اندازہ لگائیں؛ لکھتے ہیں: "یہودیوں کا گمان تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ ان کے قبلہ کی طرف رخ کرکے نماز ادا کرتے تھے اور رسول اللہ ص کو اسکا طعنہ بھی دیا۔ اگر وہ قبلہ جسے یہودی گمان کرتے تھے اگر اللہ کا مقرر کردہ ہوتا تو رسول اللہ(ص) کراہت کیوں کرتے؟"،
نادانی کی انتہا دیکھئے کہ وہ ایک طرف سے اپنے ہم پیالہ یہودیوں کے طعنوں کا حوالہ دیتا ہے اور دوسری طرف سے اس بات کا صاف انکار کرتا ہے کہ رسول اللہ نے برسوں تک اس قبلے کی طرف نماز ادا کی ہے۔ اس میں کیا شک ہے کہ رسول اللہ(ص) نے کم از کم مکی دور رسالت میں قبلہ اول کی طرف نماز ادا کی ہے اور اگر اللہ کا مقررہ کردہ نہ تھا تو کیا رسول اللہ(ص) کی 13 سال تک کی نماز کے اوپر حرف نہیں آئے گا؟ کیا اس کا سیدھا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہودی ریاست کے لئے قرآن تک کا انکار کرنے والے اتنے عرصے تک رسول اللہ(ص) اور مسلمانوں کی نمازوں کے بطلان تک کا فتوی بھی دے سکتے ہیں؟ سوال یہ ہے کہ رسول اللہ مکی دور میں کس طرف نماز پڑھتے تھے؟ ان آیات کی شان نزول کیا ہے؟ کیا نماز اس سے پہلے فرض نہیں تھی؟ مسجد ذوقبلتیں کیا وہی جگہ نہیں ہے جہاں نماز کا رخ بدل گیا؟ وہاں مسجد ذو قبلتین میں دو محرابوں کا فلسفہ کیا ہے؟
یہ لوگ لکھا کرتے ہیں: "اسرائیل میں موجودہ جگہ جو "مسجد اقصی" کے طور پر مشہور ہے، یہ وہ جگہ ہی نہیں ہے"۔ اور پھر تضادات کا شکار ہوکر لکھتے ہیں کہ "ایرانی اپنے سیاسی مقاصد کے لئے مجتہدین سے فتوے جاری کرواتے ہیں کہ یوم القدس کی ریلیوں میں شرکت واجب ہے اور لیلۃ القدر کی عبادت کا ثواب ہے حالانکہ یہ وہ جگہ ہی نہیں ہے"۔
تو پہلی بات تو یہ ہے کہ مسجد الاقصی جہاں ہے وہ ایک جانا پہچانا مقام ہے اور پھر جب یہ لوگ مستندات کی بات کرتے ہیں تو اس دعوے کے لئے کوئی سند کیوں نہیں لاتے جبکہ ہمارے پاس تو اجماع مسلمین موجود ہے کہ یہی مسجد الاقصی ہے اور یہی نہیں بلکہ یہود و نصاریٰ تک اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں؛
دوسری بات یہ کہ یہودی ریاست سے دو ٹکے لے کر یہودیوں سے بھی بڑھ کر مسجد الاقصی تک کا بھی انکار کردیتے ہیں "مدعی سست گواہ چست"۔
تیسری بات یہ کہ انہیں وہ فتاویٰ بھی پیش کرنا چاہئے جن میں یوم القدس کی ریلیوں میں شرکت کے وجوب اور اس کے ثواب کا تذکرہ ہوا ہے؛ حالانکہ اگر یوم القدس کی افادیت کو دیکھا جائے اور عالمی حالات کو مد نظر رکھا جائے تو بعید نہیں ہے کہ یہ واجب بھی ہو اور اس کا ثواب بھی لیلۃ القدر کے اعمال کے ثواب کے برابر ہو؛ کیونکہ امام خمینی فرماتے ہیں کہ "فلسطین اسلام کے جسم کا ٹکڑا ہے"، اور اس پر یہودی قبضہ بےشک پورے عالم اسلام کے خطرے میں ڈالتا ہے اور فلسطین اور بیت المقدس کا مسئلہ مذہبی لحاظ سے بھی اور تزویری لحاظ سے بھی امت کی آبرو اور غیرت و حیثیت اور امن و سلامتی کا مسئلہ ہے؛ تو کیا کیا امت کا تحفظ واجب نہیں ہے؟ کیا امت کے تحفظ کا ثواب اور اس راہ میں مختلف مراتب و مدارج کے جہاد کا ثواب لیلۃ القدر کے اعمال سے کم ہے؟
مذکورہ لکھاری امام صادق علیہ السلام کی ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہیں کہ امیرالمؤمنین علی علیہ السلام نے اپنے ایک صحابی کو ـ جو مسجد الاقصی کی زیارت کے لئے جانا چاہتا تھا ـ وہاں سے روک لیا ہے اور مسجد کوفہ کے فضائل کو بیان فرمایا۔ اور اس حدیث کا حوالہ دینے کا مفہوم یہ لیتے ہیں کہ مسلمانوں کے لئے ضروری نہیں ہے کہ وہ قبلہ اول اور مسجد الاقصی کے تحفظ کی بات ہی کریں۔
حالانکہ وہ اس حقیقت کی طرف توجہ نہیں دینا ضروری نہیں سمجھتے کہ یوم القدس کے دن کسی کو مسجد الاقصی کی زیارت کے لئے جانے کی دعوت نہیں دی جاتی اور مسجد کوفہ کے فضائل کا انکار نہیں کیا جاتا اور نہ ہی کسی کو مسجد کوفہ جانے سے روکا جاتا ہے؛ بلکہ مسجد الاقصی پر یہودی قبضے پر احتجاج کی دعوت دیتے ہیں۔
کیا یہ لوگ ہمیں امام خمینی، امام خامنہ ای اور کسی بھی دوسرے عالم دین اور اسلام کے ہمدرد کسی سیاستدان یا یوم القدس کے کسی حامی کا ایک قول دکھا سکتے ہیں کہ جن میں انھوں نے مسجد کوفہ کے فضائل کا انکار کیا ہو اور کہا ہو کہ مسجد کوفہ کے بجائے مسجد الاقصی میں بیٹھ کر عبادت کی جائے!
چنانچہ بات غیرت مسلم کی ہے اور مسلم صرف ایرانی نہیں ہے بلکہ غیر ایرانی بھی مسلمان ہیں اور ان سب کی غیرت کو چیلنج کیا گیا ہے چنانچہ اس کو ایرانی مسئلہ بنانا یہودی ریاست کے تشہیری مشن کا حصہ ہے۔
کیا یہ لوگ اس حقیقت کا بھی انکار کرسکتے ہیں کہ 1967 تک یہ مسجد مسلمانوں کے ہاتھ میں تھی اور اس تاریخ کو امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی مدد سے یہودیوں نے اس پر قبضہ کرلیا ہے؟
بقلم: فرحت حسین مہدوی