16 October 2024

امریکہ اپنے مقاصد میں ناکام رہے گا، رہبرانقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکا جیسی دنیا کی سفاک ترین طاقت گذشتہ چالیس برسوں کے دوران ایران کےعوام کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکی ہے اور ایران کے اسلامی جمہوری نظام اور عوام کے دشمن ایک بار پھر اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہیں گے۔
خبر کا کوڈ: ۱۷۱۸
تاریخ اشاعت: 20:31 - June 30, 2018

امریکہ اپنے مقاصد میں ناکام رہے گا، رہبرانقلاب اسلامیمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تہران میں امام حسین ملٹری یونیورسٹی میں نئے کیڈٹوں کے لئے منعقدہ گریجویشن پروگرام میں خطاب کے دوران اسلامی جمہوری نظام اور عوام کے درمیان اختلاف اور فاصلہ پیدا کرنے کی دشمن کی کوششوں کا ذکرکرتے ہوئے فرمایاکہ اگر قومی اقتدار کے ستونوں کی تقویت ہوتی رہے گی اور دشمن کے مقابلے میں کمزوری کا مظاہرہ نہ کیا جائےگا تو بدخواہوں کو ایک بار پھر اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

آپ نے فرمایا کہ ایرانی عوام کی طاقت و عظمت کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ دنیا کی سب سے زیادہ بےرحم اور سفاک ترین طاقت یعنی امریکا نےگذشتہ چالیس برس کے دوران ایرانی عوام کو نقصان پہنچانے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لئے کسی بھی شیطانیت اور کوشش سے دریغ نہیں کیا لیکن وہ ایرانی عوام کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکا جبکہ اس کے مقابلے میں ایرانی عوام نے پہلے سے بھی زیادہ طاقت و توانائی حاصل کی اور ترقی و پیشرفت کی منزلیں طے کیں۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی جمہوری نظام کی ترقی وپیشرفت کی وجہ سے امریکا کی دشمنی بھی بڑھتی جارہی ہے البتہ امریکا کے تئیں ایرانی عوام کی نفرت و بیزاری میں بھی ہر روز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دشمن کا منصوبہ ایران کے عوام اور اسلامی جمہوری نظام کے درمیان فاصلہ پیدا کرنا ہے اور یہی دشمن کی حماقت کی نشانی ہے کیونکہ دشمن یہ نہیں جانتا کہ ایران کے عوام ہی دراصل اسلامی جمہوری نظام ہیں اور ان دونوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔

آپ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی جمہوری نظام، عوام کے ہرفرد کی خواہش و مرضی، ان کے یقین و ایمان اور اس نظام سے ان کی والہانہ محبت و عقیدت پر استوار ہے، اسلامی جمہوریہ ایران سے مقابلہ آرائی کے لئے امریکا کے سابق صدور کی کوششوں کا بھی ذکرکیا اور فرمایا کہ موجودہ صورتحال میں اقتصادی دباؤ ڈالنے کا امریکا کا مقصد ایرانی عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا ہے لیکن خدا وندعالم کی مدد و نصرت سے ہم اپنے عوام کے ساتھ رشتوں کو روز بروز پہلے سے بھی زیادہ مستحکم کریں گے اور دشمن کو شکست دینے والے اپنے اتحاد کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مومن، پرجوش اور اہل عمل نوجوانوں کی تقویت کریں گے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ حقیقی طاقت و عظمت ایرانی عوام کے جذبہ آزادی اور خود مختاری سے عبارت ہے۔ آپ نے فرمایا کہ طاقت اسے نہیں کہتے کہ بعض حکام اغیار کو پیسے دیں، ان سے ہتھیار خریدکر ہتھیاروں کے گوداموں کو بھریں مگر ان ہتھیاروں کا استعمال تک بھی نہ کرسکیں یا دیگر طاقتیں دنیاکے اس کونے سے آکر ایک ملک میں اپنا فوجی اڈہ قائم کریں اور اس ملک کے عوام کا خون چوسیں اور یوں اس ملک کے حکام اغیار کے بھروسے اپنی حکومت کی حفاظت کریں اسے طاقت نہیں کہتے۔آپ نے فرمایا کہ یہ سب ذلت و حماقت کے چند نمونے ہیں۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایرانی عوام کی طاقت و عظمت کی ایک دلیل یہ ہے کہ امریکا نے اسلامی جمہوری نظام کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقے کے ملکوں کے ساتھ مل کر ایک اتحاد تشکیل دیا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اگر امریکا اکیلے اپنے مقاصد حاصل کرسکتا تو اسے علاقے کی روسیاہ اور رجعت پسند حکومتوں کے ساتھ اتحاد تشکیل دینے کی ضرورت پیش نہ آتی۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ وہ دن دور نہیں ہے جب ایرانی عوام طاقت و توانائی اور عظمت و شوکت کی اس بلندی پر پہنچ جائیں گے کہ دشمن میں ایران پر فوجی اقتصادی سیکورٹی اور سیاسی حملے کی جرائت تک نہیں ہوگی اور ہمارے نوجوان جلد ہی اس دن کا مشاہدہ کریں گے۔

پیغام کا اختتام/
آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں