مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے اسکردو میں اسد عاشورا کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا سے عقیدت و محبت ہی زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور یہی سرمایہ انسان کو باعزت زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی یاد انسان کو ظلم کے مقابلے میں قیام کا درس دیتی ہے اور اسلامی اقدار پر سب کچھ قربان کرنے کا سبق ملتا ہے۔
سربراہ آغا علی رضوی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں اگر مظلوموں کو اپنے وقت کے یزید و شمر کے خلاف بولنے کی ہمت پیدا ہوئی ہے اور تحریک چلا رہے ہیں تو یہ سب کربلا کی مرہون منت ہے۔ دور حاضر میں امریکہ، اسرائیل اور آل سعود یزید کا کردار نبھا رہے ہیں اور داعش و دہشت گرد جماعتیں ان کی فوج ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراق و شام سے ذلت آمیز شکست کے بعد داعشی فراریوں کو افغانستان میں بسایا جا رہا ہے کیونکہ ان کا اگلا ہدف پاکستان ہے۔ ملک میں موجود دہشت گرد جماعتوں کے تانے بانے داعش سے ملتے ہیں۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) کا حقیقی پیروکار کبھی بھی ظلم کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کر سکتا، وہ سر تن سے جدا کروا سکتا ہے لیکن ظالم کے آگے سر خم نہیں کر سکتا۔