مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، امریکا کے تیسرے بڑے شہر شکاگو میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں سات گھنٹوں کے دوران 4 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے ہیں۔
شکاگو پولیس کے مطابق فائرنگ کے بیشتر واقعات شہر میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کی باہمی چپقلش کا نتیجہ ہیں، ان واقعات میں بعض مقامات پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جبکہ بعض افراد کو ہدف بنا کر گولیاں ماری گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ایک گھر میں ہونے والی تقریب، ایک تدفین کے بعد ہونے والی تعزیتی تقریب اور دیگر اجتماعات کو نشانہ بنایا ہے۔
فائرنگ کے واقعات ایسے وقت میں پیش آئے جب شہر میں بڑے میوزیکل کنسرٹ میں ہزاروں افراد موجود تھے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق فائرنگ کے بیشتر واقعات شہر کے مغربی علاقے میں پیش آئے جہاں صرف تین گھنٹوں کے دوران پانچ مختلف کارروائیوں میں 25 سے زائد افراد کو گولیاں ماری گئیں۔
شکاگو کا شمار امریکا کے غیر محفوظ ترین شہروں میں ہوتا ہے لیکن حالیہ برسوں کے دوران وہاں پولیس کی کامیاب کارروائی کے سبب جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان فریڈ والر کا کہنا تھا کہ شہر کے حالات میں بہتری کو فتح قرار نہیں دیا جاسکتا اور اب بھی شکاگو میں قیام امن کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔