مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس کے صدر ولادیمیرپوتین اور ترکی کے صدررجب طیب اردوغان ایران ، ترکی اور روس کے سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے تہران کا دورہ کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق تہران میں ترکی ، ایران اور روس کا سہ فریقی سربراہی اجلاس 7 ستمبر کو منعقد ہوگا جس میں روس کے صدر ولادیمیر پوتین اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں دو طرفہ تعلقات کے علاوہ شام میں قیام امن کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
گزشتہ سال 22 نومبرکو ایران، روس اور ترکی کے سربراہان مملکت کا پہلا مشترکہ اجلاس روسی علاقے سوچی میں جبکہ دوسرااجلاس رواں سال 22 اپریل کو انقرہ میں ہوا.
تہران کے آئندہ سربراہی اجلاس میں سوچی اور آستانہ میں ہونے والے گزشتہ اجلاس کے نتائج پر غور کیا جائے گا جبکہ اسی دوران شامی صوبے ادلب میں دہشتگردوں کے خلاف اقدامات سے متعلق بھی گفتگو ہوگی.
واضح رہے کہ دو سال قبل شام کے بحران کے حل کے لئے ایران، روس اور ترکی نے سہ فریقی تعاون کے عمل کا آغاز کیا جسے آستانہ عمل کا عنوان دیا گیا.
پیغام کا اختتام/