مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیرخارجہ اور پاکستان کے وزیراعظم نے اس ملاقات میں مختلف میدانوں منجملہ اقتصادی ، تجارتی اور سرحدی سیکورٹی کے شعبوں میں تہران اور اسلام آباد کے تعلقات میں توسیع وپیشرفت کی اہمیت کاذکرکرتے ہوئے عالم اسلام اور علاقے کے مسائل کے بارے میں اسلامی ملکوں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے خطے کے سبھی ملکوں میں امن و استحکام کی برقراری اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف سنجیدگی کے ساتھ اٹھ کھڑے ہونے کی کوششوں پر بات چیت کی۔
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران پاکستان کے وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر سے بھی ملاقات کی۔ ایرانی وزیرخارجہ اور پاکستانی وزیرخزانہ کی ملاقات میں پاکستان کے لئے ایران گیس پائپ لائن پروجیکٹ کے بارے میں خاص طور پر گفتگو ہوئی۔
ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستانی وزیرخزانہ سے ملاقات کے بعد ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں زیادہ تر گفتگو دو طرفہ بینکنگ معاملات، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں توسیع، سی پیک منصوبے میں ایران کے تعاون اور چابہار و گوادر بندرگاہوں میں ایران اور پاکستان کے تعاون کے طریقہ کار کے بارے میں انجام پائی۔ ان کا کہنا تھا ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون کے تعلق سے اچھے مذاکرات انجام پائے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ان کے مثبت نتائج برآمداہوں گے۔
پیغام کا اختتام/