مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کی قومی سلامتی کے تحفظ اور قومی مفادات کے دفاع کے لئے تہران کے ناقابل انکار حق پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے دفاعی منصوبوں اور دفاعی پروگراموں منجملہ میزائل پروگرام کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی پوری توانائی کے ساتھ کوشش جاری رکھے گا اور اس سلسلے میں کوئی دباؤ قبول نہیں کرے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے گذشتہ چار عشروں کے دوران خاص طور سے مسلط کردہ جنگ میں عراق کی بعثی صدام حکومت کی جانب سے ایران کی حکومت اور قوم پر مسلط کئے جانے والے اخراجات اور اور اسی طرح حاصل ہونے والے تجربات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور ملکی سرحدوں کے دفاع نیز قومی اقتدار اعلی کی حفاظت کی خاطر دفاعی توانائی کو مضبوط بنانے کے لئے کسی کی اجازت کا منتظر نہیں رہے گا اور ایران کے خلاف مسلط کردہ جنگ کے دوران مختلف شہروں پر میزائل حملوں اور نہتھے عوام کے قتل عام جیسے تلخ تجربات کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
بہرام قاسمی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ حالیہ چالیس برس کے تجربے سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ایران کے انقلاب اور نظام اسلامی نیز ایرانی عوام کے دشمنوں نے ایران کی دفاعی توانائی اور سیکورٹی بنیادوں کو کمزور کرنے کے لئے اپنی کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا ہے اور وہ ایران کے خلاف ایک طرح سے غیر مساوی جنگ کے درپے رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یقینا ایران کی مضبوط دفاعی توانائی علاقائی و عالمی سازشوں کی شکست و ناکامی اور کسی بھی قسم کے غیر منطقی اقدام کو روکنے کا سبب بنے گی۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح پڑوسی ملکوں خاص طور سے خلیج فارس کے ملکوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی توانائی یقینی طور پر امن و استحکام اور جارحانہ خصلت کے حامل ملکوں کے مقابلے میں رکاوٹ کا باعث ہے۔
پیغام کا اختتام/