مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان نے سیکڑوں پاکستانی زائرین کو معروف روحانی بزرگ خواجہ نظام الدین اولیاؒ کےعرس میں شرکت سے روک دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہر سال پاکستان سے سیکڑوں زائرین معروف روحانی بزرگ حضرت نظام الدین اولیاؒ کے عرس میں شرکت کے لیے ہندوستان جاتے ہیں، رواں برس بھی بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے عرس میں شرکت کے لیے کئی روز قبل ہی ہندوستانی ہائی کمیشن کو ویزا کی درخواستیں دے دی تھیں تاکہ نظام الدین اولیاء کے عرس میں شرکت کی جاسکے تاہم ہندوستان نے آخری ایام میں زائرین کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا۔
ہندوستانی اقدام پر پاکستان کی جانب سے اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے مذہبی سیاحت سے متعلق باہمی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ نئی دہلی میں ہر سال 750 سے زائد برسوں سے حضرت نظام الدین اولیا کا عرس منایا جاتا ہے، اس مرتبہ عرس کی تقریبات یکم جنوری سے 8 جنوری تک جاری رہیں گی۔
پیغام کا اختتام/