مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے آج صبح نیویارک کے دورے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ ہمیں معلوم ہے کہ اہواز دہشتگردانہ حملے کے دہشتگرد عناصر کون ہیں اور ایران اس قسم کے حملوں کا دندان شکن جواب دے گا۔
صدر مملکت نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اہواز دہشتگردانہ حملہ ایرانی عوام کے عزم و ارادے کومتزلزل نہیں کر سکتا کہا کہ انسانی حقوق کے دعویداروں کواس دہشتگردانہ حملے کا جواب دینا چاہئیے۔
صدر حسن روحانی نے اپنے دورہ نیویارک پر کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں علاقائی اور عالمی مسائل پر ایران کے موقف کو بیان کریں گے۔
ایران کے صدر نے جوہری معاہدے سے امریکہ کے نکلنے اور ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی کوشش ہے کہ وہ ایرانی عوام کو آزادی و استقلال سے پشیمان کرے لیکن اسے معلوم نہیں کہ وہ اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا ۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں نے کل اہواز میں فوجی پریڈ پر دہشت گردانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 25 افراد شہید اور 60 زخمی ہوئے ۔ عالمی سطح پر اہواز میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
پیغام کا اختتام/