مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا کہنا ہے آل سعود ہی خطے میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے فروغ کا اصل ذمہ دار ہے۔
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ایران مخالف بیان پر ردعمل ظاہر کرتے بہرام قاسمی کا کہنا تھاکہ مشرق وسطی اور پوری دنیا کو نگلنے والی دہشت گردی کا سرچشمہ سعودی عرب کے سوا کوئی اور نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی مالی اور نظریاتی حمایت سے پھیلنے والے انتہا پسندانہ نظریات ہی خطے اور دنیا میں دہشت گردی کے فروغ کا سبب بنے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کی جانب سے دنیا میں کثیر قطبی نظام کے خلاف امریکی صدر کی اسٹریٹیجی اور ان کی جانب سے عالمی معاہدوں کی پامالی کی کھل کر حمایت کرنا کوئی عجیب بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت، صیہونی لابی کے ساتھ مل کر ہزاروں ڈالر خرچ کر کے امریکا کی نیلام ہونے والی خارجہ پالیسی کو خطے میں جنگ بھڑکانے اور عدم استحکام کی جانب لے جانے کی کوشش کر رہی ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ یمن میں انسانی المیے اور جنگ کے ذمہ دار ملک کا وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ناجائز فائدہ اٹھا تے ہوئے انتہا پسندی، دشمنی، تشدد اور جنگ کا بگل بجا رہا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کے بیانات سے اس ماحول اور سوچ کی نشاندہی ہوتی ہے کہ جس میں انہوں نے اور آل سعود خاندان نے پرورش پائی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئےایران پر مشرق وسطی میں عدم استحکام پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا اور تہران کے خلاف امریکی پالیسیوں کی کھل کر حمایت کی تھی۔