اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

امریکہ قانونی اور سیاسی جنگ ہار چکا ہے، صدر ڈاکٹر حسن روحانی

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معاہدوں کی پامالی کے باعث امریکہ قانونی اور سیاسی لحاظ سے دنیا میں ناکام ہو گیا ہے۔
خبر کا کوڈ: ۲۸۱۰
تاریخ اشاعت: 15:23 - October 14, 2018

امریکہ قانونی اور سیاسی جنگ ہار چکا ہے، صدر ڈاکٹر حسن روحانیمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران بھر کی یونیورسٹیوں میں نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر تہران کی ایک یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ نے پہلے نفسیاتی جنگ شروع کی اور پھر آگے چل کر اقتصادی جنگ کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد اسلامی حکومت کے جواز کو مخدوش کرنا ہے۔

صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ایران کے عوام باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔

ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سلامتی کونسل کی چیئرمین شپ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران کو زک پہنچانا اور ایران مخالف پالیسیوں کی تائید حاصل کرنا چاہتے تھے لیکن سلامتی کونسل کے چودہ دیگر ارکان نے ایٹمی معاہدے کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ایران نے ٹرمپ انتظامیہ کو ایران کے خلاف اب تک کی سب سے زیادہ عداوت رکھنے والی امریکی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر امریکہ نے کسی معقول دلیل کے بغیر سلامتی کونسل کی قرارداد کے برخلاف کیثرفریقی ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کی ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے کامیابی ایران کو ملی ہے اور اس بات میں کسی کو ذرہ برابر شک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ بین الاقوامی معاہدوں کو پامال کرنے کے باعث امریکہ قانونی اور سیاسی لحاظ سے دنیا میں تنہا و ناکام ہو گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کی یونیورسٹیوں اور اعلی تعلیمی مراکز میں اتوار سے نئے تعلیمی سال کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس موقع پر تہران یونیورسٹی میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم کے علاوہ تہران کی مختلف یونیورسٹیوں کے سربراہان اور اعلی تعلیمی اداروں کے ڈائریکٹرز بھی شریک ہوئے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں