مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام محمد حسن ابوترابی فرد نے اس ہفتے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ خود امریکا کے سابق صدر اور مغربی اور مشرقی ملکوں کے تجزیہ نگاروں کے بقول ایران کے ساتھ امریکا کی محاذ آرائی کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران ترقی و پیشرفت کی بلندیوں کو سر کررہا ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا آج صرف ایران کے مقابلے میں نہیں کھڑا ہوا ہے بلکہ وہ پوری دنیا کے لوگوں کے سامنے سرکشی کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی جنگی مشینری دلدل میں پھنس کے رہ گئی ہے جبکہ ایران کی حکمت عملی یہ ہے کہ جنگ نہ ہو اور اس سلسلے میں امریکا کو اس کے مقصد کے حصول میں کامیاب نہ ہونے دے۔
حجت الاسلام ابوترابی فرد نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی ملکوں کے اتحاد اور ان کی طاقت کی بدولت علاقے سے جنگ کا خطرہ ختم ہوجائے گا کہا کہ منحوس سعودی حکومت جس سے آج سبھی ممالک نفرت کر رہے ہیں اور صرف امریکا اس کی حمایت کررہا ہے اب نئی جنگ کی آگ نہیں بھڑکا سکتی۔
تہران کے خطیب جمعہ نے سیدالشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی آمد کی مناسبت سے واقعہ عاشورا کا ذکر کیا اور کہا کہ اس انسان ساز واقعے نے پوری انسانیت کو سرخرو کردیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امت اسلامیہ اپنے ایمان اور عمل صالح کے ذریعے اسی شان سے عزت و سربلندی کا راستہ طے کرے گی جو امت مسلمہ کے شایان شان ہے۔
پیغام کا اختتام/