مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور میں مال روڈ پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام حمایت مظلومین و استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ مذہب اور قوم پرستی کے نام پر نفرتیں پھیلانے والے ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں، لوئر اورکزئی اور چائنہ قونصل خانے پر حملہ کرنیوالے بزدل لوگ تھے، بیگناہوں اور غریبوں پر حملے کرنیوالے درحقیقت درندے ہیں، اورکزئی میں لوکل لوگوں کیساتھ ملکر سکیورٹی کا میکنزم بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دہشگردوں نے ایک مرتبہ پھر حملے کرکے قوم میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی ہے، مظلوموں کو قوموں اور مسلکوں میں تقسیم نہ کیا جائے، پاکستان کے بیٹے شہید ہوئے ہیں، حکومت شدت پسندوں سے مرعوب ہونے کی بجائے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے مزید کہا ناموس رسالت (ص) کے نام پر ناموس رسالت (ص) کی تحریک کو نقصان پہنچایا گیا، سب مسلمان ناموس رسالت (ص) پر قربان ہونے کو تیار ہیں، ریاست کو اپنی رٹ بحال رکھنی چاہیئے اور ریاست کو چیلنچ کرنیوالوں کو چھوٹ نہیں دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کشمیر ہو یا یمن دنیا کے تمام مظلومین کی حمایت کرتے ہیں، حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ملت جعفریہ سمیت تمام محب وطن شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسلام اور ملک دشمن عناصر دہشتگردی کے لبادے میں چھپ کر محبان وطن کو اپنی بزدلانہ کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ کنونشن میں قاسم شمسی کو نیا میرِ کارواں منتخب کر لیا گیاجس کے بعد ایک ریلی نکالی گئی۔
دوسری جانب علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی جس میں بین المسالک تعلقات کے فروغ اور دہشتگردی و انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی اور تکفیریت ملکی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے۔
اس ملاقات میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حصول انصاف کیلئے ہم جتنی بھی جدوجہد کرسکتے تھے، کر رہے ہیں، انصاف بشکل قصاص کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
پیغام کا اختتام/