مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ماضی کی زنجیروں کو توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا کیوں کہ اس کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، جب فرانس اور جرمنی کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں تو ہمارے کیوں نہیں ہوس؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام سول و عسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں اور ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاہم ہمارا مسئلہ صرف ایک ہے اور وہ کشمیر ہے، آج کے دور میں انسان چاند پر پہنچ گیا تو کیا ہم اپنا ایک مسئلہ نہیں حل کرسکتے، صرف ارادے کی ضرورت ہے، جس سے ہم اس مسئلے کو بھی حل کرسکتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے مضبوط تعلقات چاہتا ہوں کیوں کہ برصغیرمیں دنیا کی سب سے زیادہ غربت ہے اور اگر ہمارے بارڈر کھل جائیں، تجارت شروع ہوجائے توغربت ختم ہوجائے گی، ہندوستان ایک قدم آگے بڑھائے ہم دو قدم بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان جوہری ملک ہیں، اور دو جوہری ممالک میں جنگ تو کبھی نہیں ہوسکتی اور نہ یہ جنگ کوئی جیت سکتا ہے، پاک و ہند جنگ کا سوچنا بھی پاگل پن ہوگا۔
پیغام کا اختتام/