مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دمشق میں ہونے والی اس ملاقات میں فالح فیاض نے صدر بشار اسد کو عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کا پیغام بھی پہنچایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر بشار اسد نے کہا کہ عراق اور شام کے خلاف بیرونی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شام اور عراق کے مختلف شہروں کی دہشت گردوں کے قبضے سے آزادی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ علاقے کی قوموں نے بیرونی طاقتوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
صدر بشار اسد نے شام اور عراق کے تعلقات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دمشق اور بغداد کے درمیان تعاون نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام اور عراق کے درمیان تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
ادھر عراقی ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے صدر بشار اسد کے نام اپنے تحریری پیغام میں بغداد دمشق تعلقات کے فروغ نیز سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔
عراقی وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی فالح فیاض نے صدر بشار اسد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عراق و شام کی کامیابی پورے خطے کے لیے اچھے مستقبل کی نوید ہے۔
انہوں نے منبج شہر کا کنٹرول دوبارہ سنبھالنے پر شامی حکومت، فوج اور عوام کو مبارک باد بھی پیش کی۔
پیغام کا اختتام/