مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایٹمی معاہدے پر دستخط کے بعد امریکا کی طرف سے بارگیننگ مضحکہ خیز ہے، کہا کہ امریکا دنیائے سیاست کو تجارت کی دنیا نہ سمجھے اور اگر اس نے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی تو امریکی حکومت اور عوام دونوں کو پچھتانا پڑے گا-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اپنے دورہ ہندوستان میں نئی دہلی میں آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن او آر ایف میں خطاب کے دوران کہا کہ امریکا صرف ایران اور ایٹمی معاہدے کی ہی خلاف ورزی نہیں بلکہ پوری دنیا کے ساتھ پیمان شکنی کر رہا ہے-
ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدہ سات ملکوں کے درمیان طے پانے والا معاہدہ ہے کہ جس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی توثیق کی ہے اور اس میں ایرانی اور اسلامی اصولوں کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ جب تک معاہدے کے دیگر فریق اس کی خلاف ورزی نہیں کریں گے ایران اس کی خلاف ورزی نہیں کرے گا-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ انسان کو ہزاروں برس سے دہشت گردی اور تشدد جیسے مسائل کا سامنا رہا ہے، کہا کہ داعش امریکا کے لئے بہترین ہتھکنڈہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر دنیا کو بتایا جائے گا کہ امریکا نے کیوں داعش کو حربے کے طور پر استعمال کیا-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر عراق پر حملہ کیا، شام پر جارحیت کی اور اب بھی وہ علاقے میں مداخلت کر رہا ہے۔
پیغام کا اختتام/