مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے صدر برھم صالح نے بغداد میں ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بغداد تہران تعلقات کا فروغ نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات کا تقاضا ہے بلکہ اس سے خطے کے امن او استحکام کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران کو باہمی اشتراک اور خطے کے دیگر ملکوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام قائم کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، عراق کی تعمیرنو سمیت مختلف شعبوں میں عراقی عوام اور حکومت کےساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف منگل کی صبح بغداد سے عراقی کردستان ریجن کے صدر مقام اربیل پہنچـے جہاں اعلی حکام نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا ہے۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے عراقی کردستان ریجن کے وزیر اعظم نچیروان بارزانی کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے سب ہی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف عراقی حکام کے ساتھ مذاکرات اور بغداد، سلیمانیہ نیز کربلائے معلی میں ہونے والی اقتصادی فورموں میں شرکت کی غرض سے اتوار کے روز عراق پہنچے تھے۔
ڈاکٹرمحمد جواد ظریف نے بغداد میں اپنے قیام کے دوران صدر برھم صالح، وزیراعظم عادل عبدالمہدی، اسپیکر محمد الحلبوسی، وزیر خارجہ محمد علی الحکیم، نیشنل وزڈم موومنٹ کے سربراہ سید عمار حکیم، نجبا تحریک کے سربراہ اکرم الکعبی، البنا پارلیمانی گروپ کے سربراہ ھادی العامری اور سابق وزیر اعظم اور الدعوہ پارٹی کے رہنما نوری المالکی سے بھی ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بغداد میں منعقدہ ایرانی اور عراقی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کیا تھا۔
پیغام کا اختتام/