مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کو تہران میں پاکستان کی نئی سفیر محترمہ رفعت مسعود کی اسناد سفارت وصول کرنے کے لئے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ مختلف میدانوں میں ایران اور پاکستان کے تعلقات اعلی سطح پر ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ تہران اور اسلام آباد کو چاہئے کہ وہ مشترکہ تعاون اور تعلقات کی توسیع کے راستے میں پائے جانے والے مواقع اور صلاحیتوں سے استفادہ کریں-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پاکستان کے لئے ایران کی گیس پائپ لائن دونوں ملکوں کا ایک اہم پروجیکٹ ہے، اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے حکام کی کوششوں سے یہ پروجیکٹ جلد ہی کام کرنا شروع کر دے گا-
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران اور پاکستان کی مشترکہ سرحدوں پر مکمل امن ہونا چاہئے، کہا کہ ہم پاکستانی حکام سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ ایران کے بارڈر سیکورٹی اہلکاروں کو کہ جنھیں دہشت گردوں نے اغوا کر کے پاکستان منتقل کر دیا ہے، جلد سے جلد بازیاب کرانے کے لئے اپنی کوششیں مزید تیز کریں-
اس ملاقات میں تہران میں پاکستان کی نئی سفیر رفعت مسعود نے بھی ایران کے ساتھ اپنی سرحدوں پر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے تعلق سے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی سیکورٹی کے میدان میں دونوں ملکوں کا تعاون دہشت گردوں سے ہر طرح کے مواقع چھین لے گا-
پیغام کا اختتام/