مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے جمعرات کی شام تہران میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر برائے عالمی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات اور گفتگو کی اور انہیں رہبر انقلاب اسلامی کے نام پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کا مشترکہ تحریری پیغام پہنچایا۔
بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور انہیں مزید مضبوط بنانے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ بعض اوقات دونوں ملکوں کے درمیان ایسے حوادث پیش آتے ہیں جن سے باہمی تعلقات کو نقصان پہنچتا ہے لہذا اس صورتحال کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سیستان و بلوچستان کے حالیہ دہشت گردانہ واقعے میں ملوث گروہ کو سعودی عرب اور اسرائیل کی جانب سے مسلح اور اس کی مالی حمایت کی جاتی ہے۔
پاکستان کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ولایتی کے ساتھ ملاقات میں اسلام آباد تہران تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ برادر اور دوست اسلامی ملک ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔
پاکستان کے وزیر ریلوے نے کہا کہ اسلام آباد اور تہران باہمی تعاون کے ذریعے مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
پیغام کا اختتام/