مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو تہران میں شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ شام کے عوام اور حکومت کا ساتھ دیتا رہے گا اور دہشتگردوں اور صیہونی غاصبوں کا مقابلہ کرنا ایران و شام کی قوموں کا مشترکہ مقصد ہے۔
صدر حسن روحانی نے شامی علاقے کے کچھ حصے غاصب صیہونی دشمن کو دینے کے امریکی صدر کے اقدام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جولان سمیت مقبوضہ علاقوں کی آزادی تک غاصب صیہونیوں کا مقابلہ جاری رہے گا۔
اس ملاقات میں شام کے وزیر خارجہ نے ایرانی سائنسداں شہید فخری زادہ کی شہادت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس طرح کے جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں وہ یہ نہیں جانتے کہ ان شہیدوں کا خون علاقے کی قوموں کو کامیابی کے حصول کے لئے مزید پرعزم بنا دے گا۔