مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقہ مچھ میں 11 شیعہ محنت کشوں کے بہیمانہ اور ظالمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی ، تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہزارہ برادری کو ظلم و بربریت کا سامنا رہا ہے اور ہزارہ شیعہ برادری نے اب تک ہزاروں جنازے اٹھائے ہیں۔ آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ اگر شیعہ ہزارہ برادری کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو اگر اس سے قبل سزا دی جاتی تو آج یہ المناک سانحہ وجود میں نہ آتا۔ ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرنا پاکستانی حکومت کی ذمہ داری ہے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا پاکستانی حکومت اور پاکستانی عدلیہ کے فرائض میں شامل ہے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ وہابی دہشت گرد پاکستان کی قومی اور ارضی سالمیت کے لئے بہت بڑا خطرہ ہیں اور پاکستانی حکومت کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ انجمن شرعی شعیان جموں و کشمیر ہزارہ برادری کے ستمدیدہ مظلوموں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ اور ہم وہابی تکفیری دہشت گردوں کے اس سفاکانہ اور مجرمانہ عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہابی تکفیری دہشت گردوں کو امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔