مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک بیان میں پاکستان میں داعش دہشت گردوں کے ہاتھوں 11 شیعہ کان کنوں کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ خطیب زادہ نے کہا کہ داعش دہشت گردوں کے اس اقدام سے دہشت گردی کے خلاف علاقائي ممالک کا مشترکہ مقابلہ ضروری ہوگيا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ داعش دہشت گردوں کی فکری اورمالی معاونت کی روک تھام کے سلسلے میں قدم اٹھانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ داعش سرطانی پھوڑا ہے جس کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سانحہ مچھ کے متاثرہ افراد کو تعزیت اور تسلیت پیش کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی طالبان اور داعش دہشت گرد پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کررہے ہیں۔