مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے پلوامہ میں فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا پھوٹنے پر عالمی برادری سے بھارت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈالنے پر دنیا بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ " ٹی آر پی " کیس میں ممبئی پولیس کی چارج شیٹ میں بھارتی ری پبلک ٹی وی کے اینکر کے ٹرانسکرپٹس شامل ہیں جس نے بھارت کے مکروہ اور مذموم عزائم مزید بے نقاب کردئیے اور پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید و تصدیق کردی، تازہ انکشافات سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان اب تک جن امور کی مسلسل نشاندہی کرتا آرہا ہے، وہ تمام حقائق درست ہیں۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پلوامہ حملے کے نام پر ایک فالس فلیگ آپریشن رچایا، پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق جھوٹا الزام عائد کیا ، بھارت کے اندر قوم پرستی کی آگ کو مزید بھڑکایا، نام نہاد " سرجیکل اسٹرائیک " کے دعوے کرنے کے علاوہ انتخاب جیتنے کی خاطر اپنی قوم کے جذبات کو گمراہ کن رخ پرڈالا۔
ترجمان کے مطابق یہ طرز عمل بلاشبہ آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کے انتخابی اندازوں کے مطابق دہرایا گیا، ہم نے ابتدا سے ہی پاکستان کے خلاف بھارتی گمراہ کن بے بنیاد اور زہریلے بھارتی پراپیگنڈے کو مسترد کیا اور یہ حقائق اجاگر کیے کہ فروری 2019ء میں پلوامہ حملے کا سب سے بڑا فائدہ بی جے پی حکومت کو ہوا کیونکہ اس نے لوک سبھا میں واضح نشستیں جیت لیں۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ ٹرانسکرپٹ اس امر کا مزید ثبوت ہے کہ کیسے فالس فلیگ آپریشن کے ذریعہ واضح انتخابی کامیابی کی راہ ہموار کی گئی اور اس منصوبے پر عمل کیا گیا، یہ ٹرانسکرپٹ ہندتوا انتہا پسند حکومت اور بھارتی میڈیا میں ان کے کارندوں کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرتے ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری صورتحال کا حقیقی معنوں میں ادراک کرتے ہوئے علاقائی ماحول خراب کرنے اور جنوبی ایشیاء کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔