مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی اور ہر شہری کو ویکسین مفت لگائی جائے گی۔
صوبوں میں کورونا ویکسین لگانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ لاہور میں میو ہسپتال، سروسز، جنرل، میاں میر ہسپتال سمیت 20 سے زائد سنٹرز بنا دئیے گئے ہیں۔ میو ہسپتال میں 6 ہزار ہیلتھ ورکرز کو رونا ویکسین لگے گی۔
کراچی میں ویکسین کی 83 ہزار سے زائد خوراکیں نجی ائیر لائن کے ذریعے پہنچائی گئیں، جنہیں پولیس اور رینجرز کی سیکورٹی میں کولڈ سٹوریج منتقل کیا گیا۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان میں 44 ویکسی نیشن سنٹرز تجویز کئے گئے ہیں، بلوچستان کو 10 ہزار ویکسین فراہم کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی کورونا سے لڑنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسی نیشن آج سے دی جائے گی۔
یاد رہے گزشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا۔ پرائم منسٹر ہاؤس میں ایک ڈاکٹر کو پہلی ویکسین لگائی گئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دوست ملک چین کے مشکور ہیں، تمام صوبوں میں ویکسین منصفانہ طور پر تقسیم ہوگی۔
در ایں اثںاء پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ بھی بدستورجاری ہے اور ایک دن میں 56 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 11 ہزار 802 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مزید ایک ہزار 384 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 49 ہزار 032 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار184 ہے۔ جب کہ2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ تاہم این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 509 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 4 ہزار 46 ہوگئی ہے۔