مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع بریگيڈیئر امیر حاتمی ایک اعلی فوجی وفد کے ہمراہ بھارت کے دورے پر ہیں، جہاں انھوں نے آج بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے دو طرفہ تعلقات ، علاقائی مسائل اورعالمی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیر دفاع نے استعماری اور سامراجی طاقتوں کے خلاف مقابلہ اور جد و جہد کو دونوں قوموں کے تاریخی اور ثقافتی اشتراکات میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں اپنی ظرفیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ایرانی وزیر دفاع نے چابہار کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں بہترین فرصت قراردیا ۔
اس ملاقات میں بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ذرائع کے مطابق انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد کسی ایرانی وزیر دفاع کا بھارت کا یہ پہلا دورہ ہے۔