مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے حکام نے امریکی صدر جوبائیڈن کی طرف سے سعودی عرب کے دفاع اور سعودی نظام کی حمایت پر مبنی بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے حکام نے سعودی عرب کی سرزمین ، سعودی نظام اور حاکمیت کے دفاع کے بارے میں امریکی صدر جوبائيڈن کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی واس کے مطابق سعودی حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کا یمن جنگ کے بارے میں مؤقف واضح اور ثابت ہے اور سعودی عرب یمن جنگ کے خاتمہ کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے نمائندے مارٹن گریفٹس کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر بائيڈن نے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کے ساتھ ملکر یمن میں انسان دوستانہ امداد ارسال کرنے کی حمایت کرتے ہیں جبکہ امریکہ نے چند سال قبل یمن پر حملے کے سلسلے میں سعودی عرب کو سبز چراغ بھی دکھایا تھا اور یمن پر مسلط کردہ جنگ میں سعودی اتحاد میں شامل دس ممالک میں امریکہ اور اسرائیل بھی شامل ہیں۔