مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے قطر کے وزير خارجہ محمد عبدالرحمن آل ثانی کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ کہ جب بھی امریکہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں ختم کردےگا تو ایران اپنے وعدوں پر عمل دوبارہ شروع کردےگا۔
ایرانی صدر نے خطے کے حالیہ حالات اور دوحہ و تہران کے درمیان مشترکہ تعاون کے فروغ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملا ہے اور ایران و قطر دونوں مختلف اقتصادی، تجارتی، سیاسی، ثقافتی اور سیاحتی شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ علاقائي ممالک کی ترقی اور پیشرفت کے لئے خطے میں امن و صلح اہم ہے انھوں نے کہا کہ اگر امریکہ کی نئی حکومت سکیورٹی کونسل کی قرارداد کے مطابق عمل کرتی ہے اور مشترکہ ایٹمی معاہدے میں واپس آنا چاہتی ہے تو اسے پہلے ایران کے خلاف پابندیوں کو اٹھانا پڑے گا اگر امریکی حکومت نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کی روشنی میں تمام پابندیاں ختم کردیں تو ایران بھی دوبارہ اپنے وعدوں پر عمل شروع کردےگا۔
اس ملاقات میں قطر کے وزیر خارجہ محمد عبدالرحمن آل ثانی نے ایران کو دوست اور برادر ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ قطر ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ قطری وزیر خارجہ نے خطے کی سلامتی کو اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ قطر علاقائي مسائل کو خل کرنے کے سلسلے میں مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ قطری وزیر خارجہ نے قطر پر سعودی عرب، امارات اور بحرین کی پابندیوں کے دوران ایران کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔