مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے سومریہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراق میں امریکی فضائی اڈے کو 3 میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں غیر ملکی سول کنٹریکٹر ہلاک اور امریکی فوجی سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق عراق کے شمال میں نیم خود مختار علاقے کردستان کے شہر اربیل میں امریکی فضائی اڈے پر میزائل حملہ کیا گیا۔ ایک میزائل فوجی اڈے سے ٹکرایا جب کہ دو قریب ہی موجود فوجی عمارتوں پر گرے۔
امریکی اتحادی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میزائل حملے میں ایک سول کنٹریکٹر ہلاک جب کہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک امریکی فوجی بھی شامل ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت اور شہریت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ ادھر عراق کے صدر اور وزیر اعظم نے حملوں کی مذمت کی ہے جبکہ ایک نامعلوم گروہ " سرایا اولیاء الدم " نے امریکی فوجیوں پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔