مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمیں دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلیے ہمہ وقت چوکس رہنا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دور حاضر کے میدان جنگ میں آگے رہنا تب ہی ممکن ہے اگر درپیش چیلنجز سے آگاہ اور ان سے نمٹنے کی تیاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی اے ایف وار کالج کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 34ویں ایئر وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے پروفیشنلزم کو سراہا۔
آرمی چیف نے سینٹرل آرڈیننس ڈپو کراچی کا بھی دورہ کیا، ان کو ایک صدی پرانے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر بریفنگ دی گئی، جنرل قمرجاوید باجوہ نے فوج کی استعداد کار میں اضافے کیلئے لاجسٹکس کے شعبے میں آرڈیننس کور کی کوششوں کو سراہا۔