مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قدس فورس کے سربراہ جنرل اسماعیل قاآنی نے خیبر اور بدر کارروائیوں کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں اسلامی نظام کی پیشقدمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید میجر جنرل قاسم سلیمانی کے شاگرد اور حامی خطے میں امریکہ کی ہڈیوں اور اسرائیل کے اطراف کی دیوار کو توڑ دیں گے۔
سپاہ قدس کے سربراہ نے شہداء اور ان کے اہلخانہ کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کی پیشرفت میں جتنا کردار شہداء کا ہے ان کے اہلخانہ کا کردار بھی اتنا ہی ہے۔
جنرل قاآنی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کے بعد دنیا میں کافی تبدیلی رونما ہوگئی ہے اور عالمی سطح پر ایران نے امریکہ کے غرور اور تکبر کو خاک میں ملادیا ہے۔
سپاہ قدس کے سربراہ نے کہا کہ آج حضرت امام خمینی (رہ) اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے مکتب سے وابستہ مزاحمتی تنظیموں کی خالی ہاتھ فداکاری قابل تعریف ہے، فلسطین اور یمن کے نہتے مسلمان عرب آج اسرائیل اور سعودی عرب کے مجرمانہ اور بہیمانہ مظالم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔
جنرل قاآنی نے کہا کہ یمنی مجاہدوں کے پاس ذرائع ابلاغ کا کوئی خاص انتظام نہیں انھوں نے 10 دنوں میں سعودی عرب کے اندر 10 اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے بعد سعودی عرب اور اس کے حامی استعماری ممالک کی چیخیں نکل گئی ہیں۔
سپاہ قدس کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے دشمن امریکہ اور اسرائیل ہیں جو پہلے کی نسبت علاقائی اور عالمی سطح پربہت کمزور ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کے پاس دنیا کے تمام وسائل موجود ہیں ۔ اسرائیل کو محفوظ بنانے کے لئے اس کے اردگرد ایک میٹر چوڑی اور 6 میٹر اونچی دیوار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم اس دیوار کو توڑ دیں گے۔ امریکہ نے شہید قاسم سلیمانی کو قتل کرکے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہم امریکہ کی ہڈیوں کو توڑیں گے اور ان کی آواز دنیا سنےگی۔