مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بحران یمن سمیت علاقے کے تمام بحرانوں اور مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ علاقے کے لئے صیہونی حکومت کی موجودگی خطرناک ہے۔
صدر حسن روحانی نے امیر قطر کو ماہ مبارک رمضان کی آمد کی مبارک باد بھی پیش کی اور تمام میدانوں بالخصوص تجارتی شعبے میں باہمی تعلقات کے فروغ پرزور دیا ۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ فوجی اقدامات علاقے کے مسائل کو حل نہیں کر سکتے ۔ایران کے صدر نے کہا کہ ایٹمی سمجھوتے میں امریکہ کی واپسی کا واحد راستہ تمام پابندیوں کا خاتمہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی بنیاد پر تمام وعدوں پرعمل کرنا ہے اس موقع پر امیر قطر نے صدر ایران کو بھی ماہ مبارک رمضان کی مبارک باد پیش کی اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کی۔
امیر قطر نے کہا کہ ایران اور قطر کو اپنے تعلقات کو توسیع دینے کے لئے تمام گنجائشوں اوروسائل کو بروئے کار لانا چاہئے۔