مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کی رپورٹ کے مطابق نطنز میں ایران کے جوہری پلانٹ پر اسرائیل کے سائبر حملہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ویانا میں عالمی اداروں میں ایران کے سفیر اور نمائندے کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کی بے عملی کے نتیجے میں اسرائیل گستاخ ہوگیا ہے۔ کاظم غریب آبادی نے بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے ڈائریکٹر کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ اسرائیل نے نطنز میں جوہری پلانٹ پر سائبر حملہ کرکے سنگين غلطی اور جرم کا ارتکاب کیا ہے اسرائیل کے دہشت گردانہ اقدام کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ جوہری پلانٹ پر حملہ خطرناک کھیل ہے جس کا اسرائیل نے آغاز کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے ميں ملوث بالواسطہ یا بلا واسطہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔ غریب آبادی نے کہا کہ اسرائیل اور مغربی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ نطنز کے جوہری پلانٹ پر حملہ میں اسرائیل ملوث ہے اور عالمی برادری ، بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی اور اقوام متحدہ کو اسرائیل کے دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے اور وہ کسی عالمی قانون کوتسلیم بھی نہیں کرتا۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کو اسرائیل کے خلاف ٹھوس قدم اٹھانا چاہیے۔ اقوام متحدہ اور عالمی جوہری ادارے کی بے عملی کی وجہ سے اسرائیل دن بدن گستاخ ہورہا ہے۔