مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں ویانا میں جاری مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ ایٹمی معاہدے کی امریکہ کو ایران سے کہیں زیادہ ضرورت ہے لہذا ایران کے خلاف امریکہ کی تمام پابندیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم رہبر معظم انقلاب اسلامی کی طرف سے پابندیوں کے یکجا خاتمہ کے مطالبے کو محقق کرنے کے سلسلے میں ایک پیج پر ہیں اور ہم ایران کے خلاف تمام امریکی پابندیوں کے خاتمہ سے کم کسی چیز پر راضي نہیں ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ گروپ 1+4 میں کبھی مذاکرات میں پیشرفت اور کبھی ممکنہ رکاوٹوں کی خـریں نشر ہوتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویانا میں مذاکرات سنجیدگی کے ساتھ جاری ہیں۔ اور تمام فریقوں کا ایٹمی معاہدے کی حفاظت پر یقین ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کو مشترکہ ایٹمی معاہدے کی روشنی میں ایران کے خلاف تمام ظالمانہ پابندیوں کو ختم کرنا ہوگا۔
ایرانی اسپیکر نے ایران کی مذاکراتی ٹیم سے مطالبہ کیا کہ وہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی طرف سے متعین خطوط پر محکم اور مضبوط انداز میں حرکت کریں کیونکہ اب کسی کو کسی قسم کا کوئی امتیاز دینے کی گنجائش نہیں ہے۔