مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کےسابق وزیراعظم نواز شریف کی شیخوپورہ میں ضبط شدہ جائیدادیں 20 مئی کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی شیخوپورہ میں ضبط شدہ جائیدادیں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے ڈی سی شیخوپورہ نے بولی کی تاریخ 20 مئی مقرر کردی ہے۔
ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی شیخوپورہ اور لاہور میں جائیدادوں کی نیلامی رکوانے کی درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہیں۔ جسسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کریں گے۔
درخواست گزار اسلم عزیز کا موقف ہے کہ رائیونڈ کے باغات پر سرمایہ میں نے لگایا نیلامی سے نقصان میرا ہوگا، اشرف ملک نامی درخواست گزار نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ شیخوپورہ کی 88 کنال اراضی نواز شریف سے خرید چکا ہوں، نواز شریف کو 75 ملین روپے کی ادائیگی بھی کی جاچکی ہے تاہم نواز شریف کی گرفتاری کے باعث سیل ڈیڈ پر عمل درآمد نہ ہوسکا، سیل ڈیڈ پر عمل درآمد کے لیے سول کورٹ سے رجوع کررکھا ہے لہذا ڈی سی شیخوپورہ کو زرعی اراضی کی نیلامی سے روکا جائے۔