مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ نے اپنے ایک پیغام میں بارہ روزہ جنگ میں فلسطینیوں کی کامیابی اور اسرائیل کی شکست پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کو مبارکباد پیش کی ہے۔
فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ میں اپنے فلسطینی بھائیوں اور جہاد اسلامی کے کمانڈروں اور اہلکاروں کی نیابت میں اسرائيل کی غاصب ، ظالم اور صہیونی حکومت پر فلسطینیوں کی شاندار فتح اور کامیابی پرآپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
جہاد اسلامی کے سربراہ نے سیف القدس دفاعی کارروائیوں کے دوران فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیموں کی کامیابی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام نے سیف القدس پیکار میں بہترین اتحاد اور انسجام کا مظاہرہ کیا اور باہمی اتحاد کے ساتھ اسرائیل کو شکست و ناکامی سے دوچار کردیا۔
زیاد النخالہ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم کو دفاعی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم بنانے کے سلسلے میں شہید میجر جنرل سلیمانی کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سیف القدس پیکار میں ہمیں شہید سلیمانی کی جگہ خآلی نظر آئی۔ انھوں نے کہا کہ البتہ شہید قاسم سلیمانی کے دوست اور ساتھی خاص طور پر سپاہ قدس کے موجودہ سربراہ جنرل قاآنی لمحہ بہ لمحہ ہمارے ساتھ رہے اور سیف القدس جنگ میں انھوں نے فلسطینیوں کی رہنمائی اور ہدایت میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ ہمارے درمیان ان کی موجودگی ہمارے لئے قوت قلب کا باعث اور بہت ہی مثمر ثمر ثابت ہوئی۔ اللہ تعالی آپ کا ساہیہ ہمارے سروں پر قائم و دائم رکھے اور آپ کے وجود کے برکات سے ہمیں فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہم اسلامی جمہوریہ ایران کے دلیر سپاہیوں کے لئے دعا گو ہیں۔