مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز میلوں دور تک سنائی گئی جب کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور آس پاس کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، اور دھماکے کی جگہ پر آگ لگ گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے سے 3 گاڑیاں او،ر 3 موٹر سائیکلیں اور ایک رکشہ تباہ ہوگیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے، جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا ہے اور عوام کو جائے وقوعہ کی جانب جانے سے روک دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سکریٹری اور آئی جی پنجاب سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔