مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے صدر آیت اللہ رئیسی نے ایران کے موجودہ وزير خزانہ فرہاد دژپسند کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ہم ملک کے موجودہ وسائل اور امکانات کے ذریعہ معاشی اور اقتصادی صورتحال کو بدل سکتے ہیں۔
اس ملاقات میں ایران کے وزير خزانہ نے نئے صدر کو صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی تازہ ترین اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا اور وزارت خزانہ کے اقدامات کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔
ایران کے نو منتخب صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے موجودہ وزير خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اقتصادی پروگرام میں جامع تبدیلی کی ضرورت ہے اور ایران کے موجودہ وسائل سے اقتصادی اور معاشی مشکلات کو حل کیا جاسکتا ہے۔ صدرسید ابراہیم رئیسی نے ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال کو ناقابل قبول قراردیتے ہوئے کہا کہ ملک کے اقتصادی پروگرام میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ درست اور صحیح حکمت عملی کے ذریعہ عوام کے مفادات کے پیش نظر اقتصادی مشکلات کو دور کیا جاسکتا ہے۔