مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دفتر کے انچارج حجۃ الاسلام محمد گلپائگانی، پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر قالیباف اور نائب صدراسحاق جہانگيری کی موجودگی میں عدلیہ کے نئے سربراہ کی معرفی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس تقریب میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حکم کے مطابق حجۃ الاسلام والمسلمین غلام حسین محسنی اژہ ای کو ایرانی عدلیہ کے نئے سربراہ کے عنوان سے معرفی کیا گیا اور ایرانی عدلیہ کے سابق سربراہ اور ایران کے نو منتخب صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی عدلیہ کی پیشرفت کے سلسلے میں خدمات کا شکریہ ادا کیا گیا۔
اس تقریب میں ایران کے اٹارنی جنرل حجۃ الاسلام محمد جعفر منتظری نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی طرف سے حجۃ الاسلام غلام حسین محسنی اژہ ای کو عدلیہ کا نیا سربراہ مقرر کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دوسری بار عدلیہ کے اندر سے عدلیہ کے سربراہ کو منتخب کیا ہے۔
حجۃ الاسلام منتظری نے عدلیہ کے نئے سربراہ کی معرفی کی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے نئے سربراہ کی قیادت میں عدلیہ میں جاری اصلاحات اور پیشرفت کا سلسلہ جاری رہےگا۔
اس تقریب میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دفتر کے انچاج حجۃ الاسلام محمدی گلپائگانی نے عدلیہ کے نئے سربراہ کے حکم کو بھی پڑھ کر پیش کیا اور عدلیہ کے نئے سربراہ کے ماضی کو درخشاں قراردیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے نئے سربراہ کا ماضی درخشاں ہے اور وہ ملکی سطح پر عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے میں کامیاب رہیں گے۔