مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے دارالحکومت کابل میں ذرائع ابلاغ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان دہشت گردوں کے القاعدہ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ گہرے اور قریبی روابط ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ طالبان افغانستان کو باغیوں اور دہشت گردوں کی پناہ گاہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طالبان کی اس خواہش کو پورا نہیں ہونے دے گی، ہمارا مقصد افغانستان کی آزادی، مساوات اور 20 سال میں حاصل کی گئی کامیابیوں کا تحفظ ہے۔ افغانستان کے صدر نے مزید کہا کہ ہم فوری اور دیرپا امن قائم کرنا چاہتے ہیں، دشمن جان لیں ہم کبھی سر تسلیم خم نہیں کریں گے۔ ہم مذاکرات کے لئے گذشتہ برس طالبان کے 5 ہزار قیدی آزاد کردیئے لیکن اس کے باوجود طالبان مذاکرات کے لئے راضی نہیں ہیں۔