مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے جیونیوز سے گفتگو میں پاکستان، چین، ایران اور ترکمنستان کو یقین دہانی کرواتے ہوئےکہا ہے کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ ہم نے دنیا کو باور کروایا ہے اور کروارہے ہیں کہ افغانستان سے دنیا کے کسی بھی ملک میں مداخلت نہیں ہوگی اور نہ ہی افغانستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے تمام ممالک بشمول پاکستان، چین، ایران اور ترکمنستان کو یہ اطمینان دلاتے ہیں کہ یہاں سے کسی کو نقصان نہیں ہونے دیں گے۔
خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کو زیادہ اہم قرار دیتے ہوئے طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا ایک اچھا ہمسایہ ہے جس کے ساتھ ہمارا تعلق باقی ہمسایوں سے زیادہ ہے۔