مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے المسیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی قومی نجات حکومت کے وزير خارجہ نے سعودی عرب میں یمنی قیدیوں کے سر قلم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے یمنی قیدیوں کا سر قلم کرکے وحشیانہ اور جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
یمنی وزارت خارجہ نے یمنی قیدیوں کے سرقلم کرنے کے اقدام کو تمام انسانی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی قیدیوں کا سرقلم کرنا سعودی عرب کی پہلی جنایت اور پہلا جرم نہیں بلکہ سعودی عرب اس سے پہلے بھی انسانی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتا رہا ہے۔ یمنی وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے سنگين جرائم کی مذمت کرتے ہوئے سعودیہ کو ایسے جرائم کا ارتکاب کرنے سے باز رکھنے کی کوشش کرے۔ ادھر عراق کی کئی تنظیموں نے سعودی عرب کے وحشیانہ اور مجرمانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قراردیا ہے۔ واضح رہے کہ سوعدی عرب نے ایک دن میں 81 افراد کے سر قلم کئے جن میں 7 یمنی قیدی بھی شامل ہیں۔