مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں یوکرائن کے دو وزرا سے ملاقات کی جو روسی حملوں کے آغاز کے بعد کیف کے عہدیداروں سے ان کی پہلی ملاقات ہے۔ امریکی صدر کے اس اقدام کو اشتعال انگیز قراردیا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یوکرائن کے وزیرخارجہ دیمتروکولیبا اور وزیردفاع اولیکسی ریزنیکوف نے یوکرائن سے باہرغیرمعمولی سفر کیا اور پولینڈ پہنچے۔ امریکی صدر اور یوکرائنی وزرا کے درمیان ملاقات وارسا کے میریٹ ہوٹل میں ہوئی جہاں تنازع کے آغاز کے بعد یوکرائن سے مہاجرین کی آمد مسلسل جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق جو بائیڈن سفید رنگ کی ٹیبل کے سامنے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور امریکی وزیر دفاع لیوئیڈ آسٹن کے ساتھ کولیبا اور ریزینیکف کے سامنے بیٹھے ہوئے تھے۔ امریکی صدر رواں ہفتے کے آغاز میں برسلز میں یورپی یونین اور نیٹو کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کے بعد پولینڈ کے دورے پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے دوسرے اور آخری روز یوکرینی وزراء سے ملاقات کی۔