مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا، جس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس صبح گیارہ بجے اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت میں ہوگا، جس میں قائد حزب اختلاف کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی جائے گی۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ایجنڈے میں کارروائی میں عدم اعتماد پر ووٹنگ شامل ہے۔
اپوزیشن رہنماء آصف علی زرداری، شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں جبکہ بقیہ اراکین بھی قومی اسمبلی پہنچ رہے ہیں۔
ادھر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی تحریک عدم اعتماد کےدوران ہنگامہ آرائی کا خدشہ ہے۔
تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور خصوصا ریڈ زون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ شہر اقتدار میں دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ کردی گئی ہے، علاوہ ازیں میٹرو بس سروس کو بھی غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔