مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے اسلامی مقدسات کی آزادی کے سلسلے میں فلسطینیوں کے مجاہدانہ اور دلیرانہ اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام اپنی اور بیت المقدس کی آزادی کے لئے قربانی پیش کررہے ہیں اور مسلمانوں کو ان کی حمایت اور مدد کرنی چاہیے۔
سید حسن نصر اللہ نے فلسطین کے شہداء ، مجاہدین اور ان کے اہلخانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام اپنی آزادی ، استقلال اور عزت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس جنگ میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے اس سال عالمی یوم قدس کی مناسبت سے ریلیوں میں بھر پور شرکت کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ میں لبنان اور عالم اسلام کے مسلمانوں سے سفارش کرتا ہوں کہ وہ عالمی یوم قدس کے موقع پر ریلیوں میں بھر پور شرکت کریں اور دنیا پر ثابت کریں کہ فلسطینی عوام تنہا نہیں ہیں بلکہ دنیا بھر کے تمام مسلمان، فلسطینی عوام کی پشت پر کھڑے ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ عالمی یوم قدس کے موقع پر بیروت کے ضاحیہ علاقہ ميں بہت بڑا عوامی سمینار منعقد کیا جائےگا اور امید ہے کہ عالمی یوم قدس کے موقع پرفلسطینی کی حمایت میں تمام مسلمان اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں گے۔
سید حسن نصر اللہ نے لبنان کے پارلیمانی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 15 مئي کو انتخابات میں سبھی لبنانی شرکت کریں گے۔ انتخابات میں رائے خریدنے کے خدشات بھی موجود ہیں کیونکہ ہم اس سے قبل سعودی عرب کے ایک اعلی اہلکار سے سن چکے ہیں کہ سعودی عرب نے لبنان کے 2009 کے انتحابات میں سیکڑوں ملین ڈالر خرچ کئے اور بعض حلقوں میں ایک رائے خریدنے کے لئے 500 ڈالر صرف کئے ۔ ممکن ہے موجودہ انتخابات میں بھی بہت زيادہ ڈالر صرف کئے جائیں اور عوام بھی اپنا ووٹ بیچنے کے لئے تیار ہوجائیں ۔ لبنانی عوام کو اس قسم کی سودا بازی سے ہوشیار رہنا چاہیے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔