مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملکی اور قومی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے اور ہم دشمن کو اپنی سلامتی پر ہاتھ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ میجر جنرل سلامی نے ثار اللہ فوجی چھاؤنی کی تاسیس کی 30 سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کفر و الحاد اور سامراجی طاقتوں کے خلاف اس اہم مقام سے نبرد کا سلسلہ جاری ہے اور دشمن نے اسلامی ممالک میں مسلسل شکست اور ناکامی کے بعد اس اہم مقام کی طاقت و قدرت اور حکمت عملی کو پہچان لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اہم مقام تہران ہے جہاں سے دنیائے اسلام کے خلاف دشمن کی سازشوں کو ناکما بنایا جاتا ہے اوردشمن اس بات سے اچھی طرح آگاہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی ان کی سعادت، خوشبختی ، استقلال اور آزادی کے خواہاں ہیں اور ملکی اور قومی مفادات کے تحفظ کے سلسلے میں وہ اپنے اصولی مؤقف پر مضبوطی کے ساتھ قائم ہیں۔ میجر جنرل سلامی نے کہا کہ ملکی اور قومی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے اور ہم دشمن کو اپنی سلامتی پر ہاتھ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔