مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 5 جولائی کو مارشل لا لگا کر ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کو ختم کیا گیا، ذوالفقار علی بھٹو ملک کو آزاد خارجہ پالیسی کی طرف لے جارہے تھے جس پر امریکہ خوش نہیں تھا کہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی بنے، انہیں کہا گیا کہ تمہیں عبرت کا نشان بنادیں گے، اسی طرح آج امریکا نے یہاں میر جعفر اور میر صادق سے مل کر سازش کی، سازش کرنے والوں کے ذہن میں نہیں تھا کہ لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ لوگ ہم پر مسلط کیے گئے جن پر کرپشن کے کیسز ہیں، ان غداروں کا نظریہ پاکستان نہیں بلکہ پیسہ، امریکا ناراض ہوجائے تو ان کا پیسہ خطرے میں پڑجاتا ہے، ان لوگوں نے این آر او حاصل کرنے کے لیے ہماری حکومت گرائی، ان کا نظریہ صرف پیسہ ہے جس کے لیے یہ ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، ان لوگوں کو موقع ملے تو یہ اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے، کشمیریوں کا سودا کریں گے اور پاکستان میں امریکا کو بیسز بھی دے دیں گے۔