مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت دہلی سمیت کئی شہروں میں اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کے دورے کے خلاف عوامی مظاہروں میں تیزی آگئی ہے اور ہونے والے مظاہروں میں "نیتن یاہو گو بیک" کے نعرے لگنے کے ساتھ ساتھ اس کے پتلے بھی جلائے گئے۔ ہونے والے مظاہروں کے ساتھ ساتھ اس ملک کی اہم شخصیات نے بھی ان کے دورے کی مذمت کی ہے۔
سی پی آئی کے جنرل سکریٹری پرکاش ریڈی نے کہا کہ نیتن یاھو کے دورہ ہند کی مخالفت کی وجہ یہ ہے کہ اسرائیلی مظالم کے سبب دنیا کے بیشتر ممالک اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ اسرائیل نے ہمیشہ امن کو نقصان پہنچا کر انسانیت کو رسوا کیا ہے۔
سوشلسٹ یونیٹی آف انڈیا کے رکن انیل تیاگی نے کہا کہ ہمارا احتجاج آئندہ بھی جاری رہے گا اس لئے کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور اسرائیل جیسے ظالم حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔
فیروز میٹھی بوروالا کا کہنا تھا کہ اسرائیل وہ حکومت ہے جس کا سربراہ جس ملک میں جاتا ہے وہ ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ اس لئے حکومت ہندوستان کو چاہئیے کہ ان کا استقبال کرنے کے بجائے ان سے ہوشیار رہے یہ ہمارے ملک کے لئے بہتر ہوگا۔
ادھر مولانا کلب جواد نے بھی ہندوستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم کو دورہ ہند کی اجازت نہ دے۔
واضح رہے کہ پروگرام کے مطابق صیہونی وزیراعظم کل 15 جنوری کو ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔
پیغام کا اختتام/