مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ملاقات میں عالمی اداروں میں پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے دونوں برادر اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیا۔
محمد جواد ظریف اور شاہد خاقان عباسی نے اس ملاقات میں امن گیس پائپ لائن کے بارے میں بھی بات چیت کی اور طے پایا کہ دونوں ملکوں کی وزارت پیٹرولیم کے درمیان اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے فنی سطح کے مذاکرات انجام دیئے جائیں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ اور پاکستان کے وزیراعظم کے درمیان مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے، بینکاری لین دین میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سن دو ہزار اکیس تک دو طرفہ تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک پہنچائے جانے پر اتفاق کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ایک اعلی سطحی تجارتی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ اتوار کی شب پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے ایران پاکستان تعلقات کی ستر ویں سالگر کی تقریب سے بھی خطاب کیا۔
پیغام کا اختتام/